عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نگروٹہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدووار دیویندر سنگھ رانا نے جمعرات کو کہا کہ اگر حکومت بننے کے دس دنوں کے اندر یومیہ اجرت ملازمین کو مستقل نہیں کیا گیا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔ رانا نے اپنے اسمبلی حلقے میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “اگر حکومت بننے کے دس دنوں کے اندر یومیہ اجرت والوں کو باقاعدہ نہیں کیا گیا تو میں استعفیٰ دے دوں گا”۔ نگروٹہ اسمبلی حلقہ جموں ضلع میں ہے جہاں یکم اکتوبر کو اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے میں پولنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا ’’میں نگروٹہ حلقہ کے نوجوانوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ حکومت بننے کے بعد، چھ ماہ میں، ہر پنچایت سے کم از کم 10 نوجوانوں کو ملازمتیں دی جائیں گی اور ایک سال میں، ہر پنچایت سے 30 نوجوانوں کو ملازمت دی جائے گی‘‘۔ بی جے پی امیدوار نے کہا”دیویندر رانا کبھی جھوٹے وعدے نہیں کرتا۔ میں واحد شخص ہوں جس نے حلقہ کے ڈنسال بلاک سے 100 نوجوانوں کو پولیس میں بھرتی کروایا”۔