عاصف بٹ
کشتواڑ//آنے والے انتخابات میں جموں کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی سرکار بنائے گی اور پچاس سیٹیں لے گی ۔ان باتوں کا اظہار پارٹی یوٹی صدر رویندر رینا نے پارٹی دفتر میں ورکروں کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا ۔بی جے پی کے سربراہ رویندر رینا نے کہا کہ بی جے پی عوام کے مفاد میں کام کر رہی ہے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو گھر گھر خدمات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ایل اے ایچ ڈی سی کے حالیہ اعلان کردہ انتخابی نتائج کے بارے میں سوال پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں مضبوط پوزیشن میں ہے اور جموں و کشمیر میں آنے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کرے گی۔
ضلع کشتواڑ میں زیر تعمیر ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹوں میں ضلع کشتواڑ کے مقامی بے روزگار نوجوانوں کو نوکریوں سے انکار کرنے کے بارے میں اپوزیشن پارٹیوں کے پوچھے گئے سوال پر بی جے پی کے سربراہ نے اپوزیشن پارٹیوں پر تنقید کی اور کہا کہ جب وہ اقتدار میں تھے، یہاں کوئی میگا پاور پروجیکٹ شروع کرنے کے لیے کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں کشتواڑ میں تمام بنیادی سہولیات کا فقدان تھاجن میں بہتر سڑکیں، پینے کے پانی کی بہتر سہولیات اور دیگر شامل ہیں اور اب اگر بی جے پی نے عوام کے مفاد میں و ملک کی ترقی کے لیے ان پروجیکٹوں کو شروع کیا ہے تو وہ اس کا رخ موڑنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ پارٹی کیڈر میں بالائی ورکروں و دیگر کی شمولیت کے بارے میں سوال پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی قوم پرست پارٹی ہے اور صرف وہی لوگ پارٹی کیڈر میں داخل ہوں گے جن کے دل میں قوم کے لئے محبت اور احترام ہے اور قوم کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب سے اوپر ہے اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ پارٹی دفتر میں پارٹی کارکنوں کی میٹنگ کے بعد بی جے پی کے سربراہ رویندر رینا و دیگر لیڈران نے حال ہی میں راجوری انکاؤنٹر میں شہید ہونے والے فوجی روی کمار کے گھر جاکر انکے والدین سے ملاقات کی ۔