سرینگر /وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کا فارمولہ ہی کشمیر حل میں آگے بڑھنے کی واحد راہ ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی اور پی ڈی پی کے الائنس کو'' تیل اور پانی کی مہا ملائوٹ ''قرار دیا۔
وارانسی روڑ شو کے حاشیوں پر گذشتہ روز مودی نے کہا''اٹل جی کا انسانیت،جمہوریت اور کشمیریت کا فارمولہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے''۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے کچھ خاندان نئی دلی میں ایک بات کہتے ہیں اور کشمیر میں دوسری بات۔
مودی نے کہا''مٹھی بھر خاندان جو دلی میں ایک بات اور کشمیر میں دوسری بات کرتے ہیں، کو اپنی منافقت سے باہر آنا چاہئے''۔
انہوں نے پی ڈی پی کے ساتھ سابق الائنس کو ''مہا ملائوٹ ''قرار دیا۔
مودی نے کہا''مٹھی بھر لوگوں نے کشمیری عوام کا استحصال کیا ہے۔جب ہم مفتی صاحب کے ساتھ تھے، وہ تیل اور پانی کی مانند ہماری مہا ملائوٹ تھی''۔