نئی دہلی // سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جمہورت خطرے میںہے۔ بھاجپا کو آنے والے پارلیمانی الیکشن میں شکست دینے کیلئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور آندھرا پردیش کے وزر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے کل شرد پوار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا’’ جمہورتیت خطرے میں ہے، لوگ خطرے میں ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ وہ چندر بابو نائیڈو اور شرد پوار کیساتھ سبھی اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ بلا رہے ہیں تاکہ مشترکہ طور پر بی جے پی کا مقابلہ کیا جاسکے۔شرد پوار کی رہائش گاہ پر ڈاکٹر فاروق نے کہا’’ ملک اس وقت تشویشناک صورتحال سے دوچار ہے، ادارے تباہ ہورہے ہیں اور آپس بھائی چارہ پارہ پارہ کیا جارہا ہے‘‘۔اس موقعہ پر چندر بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ دیگر اپوزیشن پارٹیوں کیساتھ تمام معاملات پر مشاورت کریں گے، جس میں کانگریس صدر راہل گاندھی بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سبھی اپوزیشن جماعتوں کی دلی میں ایک میٹنگ بلارہے ہیں تاکہ بھاجپا کیخلاف مشترکہ طور پر میدان میں آجائیں۔ چندرابابونائیڈو جو آئندہ سال لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش کررہے ہیں نے نئی دہلی میں صدر کانگریس راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ اور این سی پی سربراہ شرد پوار سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مرکز میں بی جے پی کے خلاف عظیم اتحاد کی تشکیل کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چندرابابو نے اس ملاقات کے دوران این ڈی اے کے خلاف تمام جماعتوں کو متحد کرنے کے مسئلہ پر بھی بات چیت کی ۔ادھرراہول گاندھی نے واضح کیا کہ متحدہ حکمت عملی کے ساتھ ہی وہ آگے بڑھیں گے ۔کسانوں ،بے روزگاروں کے مسائل کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے اسکامس کے خلاف تحریک چلائی جائے گی ۔