جموں// دو الگ الگ واقعات میں ایک نوجوان اور ایک بزرگ کو قتل کر دیا گیا ۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پہلے واقعہ میں، اتوار کو علی الصبح دومانہ کے علاقے سمیل پور میں گھریلو جھگڑے پر ایک 23 سالہ شخص کو اس کے چھوٹے بھائی نے قتل کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ انیل کمار (20) نے گھریلو جھگڑے پر اپنے بھائی مکیش کمار پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اس کی موت ہوگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ دوسرے واقعے میں، چار افراد نے ایک بزرگ شخص کو شکتی نگر میں اس کے گھر کی چھت سے پھینکنے سے پہلے اس کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔انہوں نے بتایا کہ ملزمین – اشوک کمار، ساحل بدیال، امان اور رشی – مدن لال کے گھر میں گھس گئے اور پرانی دشمنی پر مبینہ طور پر اس پر اور بیٹے سنجے کمار پر حملہ کیا۔اس سلسلے میں درج کرائی گئی شکایت کے مطابق ملزم نے لال کو چھت سے نیچے پھینکنے سے پہلے حملے کے دوران بیس بال کے بلے اور لاٹھیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ لال کو سرکاری میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔