سرینگر//ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کارگذارصدر عمر عبداللہ نے پی ڈی پی ، بی جے پی سرکار کو ناکام سرکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو کر حکومت کی باگ دوڑ گورنر کو سونپ دینی چاہئے ۔عمر عبدللہ نے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے بھائی نامزد امیدوار تصدق مفتی کی جانب سے اننت ناگ ضمنی لوگ سبھا نشست پر ہونے والے انتخابات ملتوی کئے جانے کی مانگ پرفوری ردعمل ظاہرکرتے ہوئے سماجی ویب سائٹ پرتحریرکردہ اپنے ٹویٹ میںیہ واضح کیاکہ ضمنی چنائوکوملتوی کرنا الیکشن کمیشن آف انڈیاکے دائرہ اختیارمیں ہے اور اگر ایسا کیا جاتا ہے تو محبوبہ مفتی کو فوراًً مستعفی ہوجاناچاہئے اورریاستی انتظامیہ کی کمان گورنرکوسونپ دینی چاہئے۔ عمرعبداللہ نے کہاکہ تصدق مفتی کابیان اُنکی ہمشیرہ کی سربراہی والی سرکارپرفردجرم عائدکر نے اوراس سرکارکے ناکام ہونے پرمہرثبت کئے جانے کے مترادف ہے۔ریاستی وزیر اعلیٰ نے سوالیہ انداز میں کہا ہے کہ آخر بی جے پی جماعت اس صورتحال سے ناآشنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کا اپنا بھائی کیا کچھ کہہ رہا ہے ۔انہوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی سرکار مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور لہٰذا محبوبہ مفتی کو اب بنا کسی تاخیر کے مستعفی ہو جانا چاہئے ۔