عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جموں کشمیر سمیت پورے ملک میں رہنے والے کروڑوں ہندئووںنے بدھ کو’رکھشابندھن کا تہوار‘جوش وخروش کیساتھ منایا۔ رکھشابندھن یا’راکھی کاتہوار‘ ہندئوبرادری کے اہم تہواروںمیں سے ایک ہے۔یہ بھائی بہن کے مقدس اوراٹوٹ رشتے کا تہوار ہے اور اس روز بہنیں اپنے بھائیوں کی کلائیوں پرراکھی باندھ کراُ نکی صحت ،عمردرازی اورکامیابی کیلئے دعائیں کرتی ہیں،اور بھائی اپنی بہنوں کو خوشگوار اورمحفوظ زندگی کیلئے آشیرواد دینے کیساتھ حسب مقدورتحائف پیش کرتے ہیں ۔بدھ کو صبح سے ہی بہنوںنے اپنے بھائیوںکی کلائیوں پرراکھیاں باندھیں ،اورجولوگ گھروں سے دورتھے ،اُن کوبہنوںکی جانب سے بھیجی گئی راکھیاں موصول ہوئیں۔سرینگرمیں منگل کی شام دیر گئے پٹاخے سر کے جانے کیساتھ ہی ہندئو برادری نے رکھشا بندھن کی مناسبت سے اپنی خوشی کااظہار کیا ۔بدھ کی صبح مندروںمیں بھی خصوصی پوجاپاٹ کی گئی ،اور سینکڑوں لوگوںنے مندروںمیں بھی حاضری دی ۔ہندو عقیدے کے مطابق رکشا بندھن کا تہوار مہا بھارت سے شروع ہوا، اس دن ہندو گھرانوں میں بہنیں دیا، چاول اور راکھیوں سے سجی پوجا کی تھالی تیار کرتی ہیں۔اپنے بھائیوں کی کلائی پر پیار سے راکھی باندھ کر ان کی لمبی عمر اور خوشحالی کی دعا کرتی ہیں۔جموں کشمیر میں اس تہوار کی خصوصی اہمیت ہے کیونکہ اسی روز امرناتھ یاترا کا اختتام ہوتا ہے اور عقیدت مند’شراون پورنیما‘ کو امرناتھ گھپا میں خصوصی پوجا کرتے ہیں۔ جموں کشمیر میں بھی یہ تہوار بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔سرینگر میں شنکر آچاریہ کے مندر پر سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی،جہاں پر عقیدت مندوں نے بھاری تعداد میں پوجا کی۔شام کے وقت ہنو مان مندر میں بھی خصوصی پوجا پاٹ کی گئی ۔ اس موقعہ پر بھاری تعداد میں مرد و زن موجود تھے، جن میں زیادہ تعداد غیر مقامیوں کی تھی۔ شہر میں ہندو ئوں نے بیشتر مقامات پر مسلمانوں میںمٹھائیاں تقسیم کیں۔ وادی میں تعینات فورسز اور فوجی اہلکاروں کو بھی راکھیاں باندھی گئیں۔
سکولی بچوں نے وزیراعظم کو راکھی باندھی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//رکھشا بندھن کے موقعہ پر نئی دہلی کے ایک اسکول میں طالبات نے وزیر اعظم نریندر مودی کو راکھی باندھی۔ اسکول کے بچوں نے وزیر اعظم مودی کامعصومانہ مسکراہٹ کے ساتھ استقبال کیا جب وہ کلاس روم میں داخل ہوئے اور ان کے ساتھ مقدس دھاگہ باندھ دیا۔جیسے ہی طالبات راکھی باندھنے کے لئے آگے بڑھیں، وزیر اعظم نے ان کا نام اور کلاس پوچھتے ہوئے پیار بھری مسکراہٹ کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ایک دلکش لمحے میں، لڑکیوں میں سے ایک نے مودی کو ان کے گال پر تھپکی دی جب وہ جھک کر انہیں آشیرواد دینے کے لئے آگے بڑھے۔وزیر اعظم کرسی پر بیٹھے کہ وہ باری باری راکھی باندھتے رہے۔وزیر اعظم نے اس موقع پر اسکول کی طالبات اور اساتذہ کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔