سرینگر//نامعلوم لٹیروں نے دوران شب شہر کے مضافاتی علاقہ بژھ پورہ میں ایک اے ٹی ایم کو لوٹنے کی کوشش کی لیکن مقامی لوگوں نے شورمچاکر چوروں کو راہ فرار اختیار کرنے پر مجبور کردیا۔ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کے دوران لٹیروں کی ایک جمعیت شہر کے مضافات میں عمر ہیر بژھ پورہ علاقے میں نمودار ہوئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ لٹیروں نے علاقے میں قائم جموں کشمیر بنک کے اے ٹی ایم کی توڑ پھوڑ شروع کی جس کے نتیجے میں نزدیکی رہائشی مکانوں کے مکین نیند سے بیدار ہوئے۔جب لوگوں نے لٹیروں کو اے ٹی ایم کی توڑ پھوڑ کرتے دیکھا تو انہوں نے شور مچایا جس کے باعث پورے علاقے کے لوگ جاگ گئے اور کچھ لوگ گھروں سے باہر بھی آئے ۔چنانچہ زبردست شوروغل بپا ہونے کے نتیجے میں لٹیروں نے وہاں سے نودو گیارہ ہونے میں ہی عافیت سمجھی اور وہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ کھڑے ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔