سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کے لوگوں کو بڑے بڑے پروجیکٹوں سے مستفید ہونے کے لئے ان پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے سنجیدگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی اور وقت مقررہ پر ان کی تکمیل کے لئے افسروں کو لگن، تندہی اور ایمانداری سے کام کرنے کے لئے کہا۔ اکنامک ری کنسٹرکشن ایجنسی کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ای آر اے کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ خود پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں اور اُن ٹھیکہ داروں کی حوصلہ شکنی کریں جو مقررہ شیڈول پر سختی سے عمل درآمد نہیں کرتے۔نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر،وزیر تعلیم سید الطاف بخاری، وزیر مملکت جنگلات میر ظہور احمد اور ممبران قانون سازیہ راجیش گپتا اور آغا باقر رضوی بھی میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے اری آر اے کے افسروں کو مزید ہدایت دی کہ وہ مستقبل کے لئے پینے کے پانی ، ڈرنیج، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور دیگر ایسے سیکٹروں پر کام کرنے کے لئے پروجیکٹوں کی نشاندہی کریں۔اس موقعہ پر ایجنسی نے مختلف پروجیکٹوں کے بارے میں میٹنگ کو مطلع کیا جو ریاست بھر میں جاری ہیں۔ ان میں اچھن لینڈ فِل، سرینگر کے لال چوک اور جموں کے سٹی چوک میں ملٹی لیول پارکنگ سلاٹ کی تعمیر شامل ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ دودھ گنگا واٹر سپلائی ڈسٹری بیوشن سسٹم جس پر43 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں، تکمیل کی مرحلہ میں ہے جسے بہت جلد چالو کیا جائے گا۔ اسی طرح 56 کروڑ روپے کی لاگت والا راول پورہ۔ چھان پورہ ڈرنیج پروجیکٹ بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ تمام پمپنگ سٹیشنوں پر جاری کام بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ریاست میں ایجنسی کے ذریعے500 کلو میٹر سڑک کی کشادگی کے علاوہ30 پُلوں کی تعمیر بھی مکمل کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ایجنسی کے ذریعے ریاست بھر میں پینے کے پانی کی تقسیم کاری کا ایک نیٹ ورک بچھایا گیا ہے اور35 ریزروائر،32 ٹیوب ویل اور5 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ایجنسی کی طرف سے مختلف واٹر سپلائی سکیموں پر کام کر رہی مشینری کو25 کروڑ روپے کی لاگت سے بدلا گیا ہے جبکہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے سلسلے میں 14 کروڑ روپے کے آلات میونسپل حکام کی تحویل میں دیئے گئے۔ای آر اے کی دیگر حصولیابیوں میں رام باغ فلائی اؤر اور سرینگر میں ٹی آر سی گریڈ سیپریٹر بھی شامل ہے اور جموں شہر کے لئے ایک میگا ڈرنیج پروجیکٹ، بھگوتی نگر میں34 کروڑ روپے کا سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی ای آر اے نے قائم کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ان پروجیکٹوں کی جلد تکمیل کے لئے اقدامات اُٹھائیں۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، سیکرٹری پی ایچ ای سوربھ بھگت، سیکرٹری پبلک ورکس سنجیو ورما کے علاوہ کئی دیگر سنیئر افسران موجود تھے۔