یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے 2047 تک ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کی سمت میں سب سے مل کر کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے لال قلعہ کی فصیل سے ریاستوں سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک واضح پالیسی بنانے کے لیے کہا۔ مودی نے کہا کہ آج دنیا کی کئی بڑی کمپنیاں ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کے سرمایہ کاروہ ہندوستان میں آکر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ریاستوں کے درمیان مقابلہ ہونا چاہیے ، اس سے سرمایہ کار ان کی ریاست میں آئیں گے اور ان کی ریاست کے نوجوانوں کو مقامی طور پر مواقع ملیں گے اور روزگار کے مواقع ملیں گے ۔ ریاستوں کو عالمی ضروریات کے مطابق پالیسیاں بدلنی چاہئیں۔ اگر زمین کی ضرورت ہے تو ریاستوں کو لینڈ بینک بنانا چاہئے ۔مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان میں بینکنگ سیکٹر میں بڑی بہتری ہوئی ہے ، جس کی وجہ سے بینک مضبوط ہوئے ہیں اور ہندوستان کا بینکنگ نظام آج دنیا کے چند مضبوط بینکوں میں شامل ہے ۔وزیر اعظم نے کہا ‘‘کسانوں، غریبوں، طلباء سب کو ترقی کے لیے قرضوں کی ضرورت ہے اورچھوٹی اور بہت چھوٹی صنعتوں کو مضبوط کرنے کے لیے ، بینک بنیاد بنے ہیں اور مسلسل اپنی ترقی کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔’’