جموں//سانبہ ضلع کے بڑی برہمنہ کے قریب گاؤں مین سرکار اور کرتھولی کے رہائشیوں کی طرف سے رہائشی علاقوں کے قریب صنعتوں کے قیام کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاج میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں لوگوں نے حصہ لیا جس کی قیادت بھارت بھوشن، سرپنچ پنچایت حلقہ مین سرکار اور ترسیم سنگھ سرپنچ پنچایت حلقہ کرتھولی اپر کر رہے تھے۔مظاہرین نے رہائشی علاقوں کے قریب زمین پر زبردستی قبضہ کرنے پر ایس آئی سی او پی اور محکمہ مال کے خلاف نعرے لگائے۔ انہوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “ہمیں زہر مت دو”، “درخت بچاؤ زندگی بچاؤ”،” انسانی جانوں کی قیمت پر کوئی اتفاق نہیں” اور جان بچانا سب سے بڑی ترقی ہے” جیسے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھارت بھوشن نے کہا کہ مین سرکار اور کرتھولی گاؤں کے آس پاس ہزاروں صنعتیں ہیں جس کے بعد یہ علاقہ پہلے ہی آلودہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی وجہ سے آلودگی اب ان کی جان لے رہی ہے اور ہر سال درجنوں افراد پھیپھڑوں کے کینسر اور دیگر اقسام جیسی دائمی بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس علاقے کا ہیلتھ سروے کرائے تاکہ لوگوں کی زندگیوں پر صنعتوں کے مضر اثرات کا پتہ لگایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس علاقے میں پھیپھڑوں کے کینسر، دل سے متعلق امراض، دائمی گردوں کی خرابی کے کیسز اکثر سامنے آتے رہتے ہیں ہر گھر میں دمے کا مریض ہوتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس علاقے میں مور، ہرن، نیلگئی، خرگوش جیسے جنگلی جانور موجود ہیں، جہاں یہ صنعتیں لگائی جا رہی ہیں اور اگر قائم ہو جائیں تو یہ بے زبان اپنے مسکن سے محروم ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل بھی اسی طرح کا احتجاج کیا گیا تھا اور لوگوں نے انتظامیہ سے ان صنعتوں کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کی اپیل کی تھی لیکن ان کی آواز نہیں سنی گئی جس سے لوگ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے ایک بار پھر اپیل کی کہ ان صنعتوں کو کسی اور جگہ منتقل کیا جائے کیونکہ اسی جگہ زبردستی صنعتیں لگانے سے ان علاقوں کے مکین احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جو پرتشدد ہو سکتا ہے اور انتظامیہ اس کی مکمل ذمہ دار ہوگی۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کریں اور SICOP کو فوری اثر سے کام روکنے کے لیے فوری ہدایات جاری کریں۔