پونچھ+راجوری// بڈھا امرناتھ یاترا 2018کا آغاز ہوگیاہے اور پہلے روز 1000ہزاریاتریوں پر مشتمل فلہ پونچھ وارد ہوا جس کا بلا لحاظ مذہت و ملت مقامی لوگوں اور ضلع انتظامیہ کے افسران نے والہانہ استقبال کیا۔گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی ڈگری کالج گرائونڈ پونچھ میں بجرنگ دل،آر ایس ایس اور دیگرہندو تنظیموں کی جانب سے یاتریوں کے استقبال کے لئے انتظامات کئے گئے تھے جہاں اس بار غیر سرکاری تنظیمو ںنے بھی یاتریوں کے لئے مختلف قسم کے اسٹال لگائے۔اس دوران ایک مختصر تقریب بھی منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ مقررین نے کہاکہ پونچھ ہندو مسلم بھائی چارے کی وجہ سے پورے ملک میں مشہور ہے اور اس روایت کو بہر صورت قائم رکھاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ان کی کوشش ہوگی کہ یاتریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات پیش نہ ہوں اور وہ آسانی سے یہ یاترا انجام دے سکیں۔انہوں نے اس دوران پونچھ کی تمام عوام کو مبارک باد پیش کی جنہوں نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی بلا لحاظ مذہب و ملت رنگ ونسل بڈھا امرناتھ یاترا پر آئے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا۔اس دوران یاتریوں نے بھی پونچھ کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں سے پونچھ تک جس طرح عوام نے ان کو محبت سے نوازا اسے وہ ہمیشہ یاد رکھیںگے ۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو،ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے ،سیاسی،سماجی و مذہبی لیڈران اور ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یاتری پہلے روز پونچھ میں ہی قیام کرتے ہیں جہاں سے انہیں صبح منڈی میں واقع مذہبی مقام بڈھا امرناتھ لیجایاجاتاہے اور پھر واپس ان کا قیام پونچھ میں ہی ہوتاہے ۔ یاترا کے دوران سیکورٹی فورسز کی طرف سے کڑے حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور جگہ جگہ پولیس ، سیکورٹی فورسز اور فوج کے اہلکار تعینات رکھے گئے ہیں ۔پونچھ پہنچنے سے قبل یاتری جموں سے بیس کیمپ سندر بنی پہنچے جہاں مقامی لوگوں اور افسران نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ نوشہرہ بیس کیمپ پہنچے ۔یاتریوں کا یہ قافلہ سہ پہر ڈیڑھ بجے راجوری پہنچا جہاں سوامی شری وشواتما نند سرسوتی جی مہاراج نے روشنی جلاکر یاترا کو ہری جھنڈی دکھائی ۔اس دوران آئی جی پی جموں ڈاکٹر ایس ڈی ایس جموال ، ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ڈی کے سلاتھیہ ، ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد،ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس ،یاترا کمیٹی ارکان ، ضلع انتظامیہ کے افسران و مقامی لوگوں کی طرف سے یاتریوں کا استقبال کیاگیا ۔راجوری سے یہ قافلہ پونچھ کیلئے روانہ ہواجس کا راستے میں بھمبر گلی ، سرنکوٹ اور دھندک وغیرہ میں بھی استقبال کیاگیا۔