عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر ابھشیک شرما کی ہدایت پر اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیو لپمنٹ کمشنر ڈاکٹر راج کمار تھاپا کی قریبی نگرانی میں ضلع یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر سکھدیو راج کی سربراہی میں ایک ٹیم نے نرسنگ کالج راجوری اور بوائز ہائر سیکنڈری اسکول راجوری میں قائم عارضی رہائشی مراکز کا دورہ کیا، جہاں بڈھال گاؤں سے منتقل ہونے والے خاندانوں سے ملاقات کی گئی۔دورے کے دوران بچوں کو کیریم بورڈ، والی بال، کرکٹ کٹس اور دیگر کھیلوں کا سامان فراہم کیا گیا تاکہ انہیں تفریحی سرگرمیوں میں مصروف رکھا جا سکے اور ان کا حوصلہ بلند کیا جا سکے۔یہ اقدام متاثرہ خاندانوں، خاص طور پر بچوں کو ذہنی سکون اور معمول کی زندگی کا احساس دلانے کے لئے کیا گیا ہے، تاکہ وہ اپنی عارضی رہائش کے دوران مثبت سرگرمیوں میں مشغول رہ سکیں۔حکام نے ان خاندانوں کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ان کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مزید امدادی اقدامات بھی ضلعی حکام کی رہنمائی میں جاری رہیں گے۔