سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے بڈھال گاؤں میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 17 پراسرار اموات کے بعد انتظامیہ نے اجتماعی دعوتوں اور کھانے کی تقسیم پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کسی بھی قسم کے اجتماعات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔یہ پابندیاں سول انتظامیہ کی جانب سے عائد کی گئی ہیں، اور اس حوالے سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوٹرنکہ نے باقاعدہ حکم نامہ جاری کیا ہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوٹرنکہ دل میر نے کہاکہ ’’موجودہ حالات کے پیش نظر اس علاقے میں اجتماعی دعوتوں کے انعقاد پر پابندی لگائی گئی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ احتیاطی بنیادوں پر لیا گیا ہے اور پابندی اس وقت تک نافذ العمل رہے گی جب تک گاؤں میں ہونے والی پراسرار اموات کی جاری تحقیقات کا نتیجہ سامنے نہیں آتا۔