سمت بھارگو
راجوری//سرحدی ضلع راجوری میں انتظامیہ نے ایک بڑی کارروائی کے دوران 529زرعی ادویات، جراثیم کش، کیڑے مار اور کھاد کے نمونے اکٹھے کئے ہیں۔یہ اقدام بڈھال گاؤں میں گزشتہ نو ہفتوں کے دوران ہونے والی سترہ پراسرار اموات کی جاری تحقیقات کا حصہ ہے۔انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما کی ہدایت پر مخصوص ٹیمیں تشکیل دی گئیںجنہوں نے پورے ضلع میں کیڑے مار ادویات، جراثیم کش ادویات، جڑی بوٹی مار ادویات اور کھاد کے 529نمونے جمع کئے۔حکام نے بتایا کہ تحقیقات کے سلسلے میں کل 257دکانوں کی نشاندہی کی گئی جن میں 60دکانیں زرعی ادویات اور جڑی بوٹی مار ادویات فروخت کرتی ہیںجبکہ دیگر 194 دکانیں کھاد فراہم کرتی ہیں۔حکام نے بتایا کہ 254دکانوں سے سخت چیکنگ کے بعد نمونے لئے گئے‘۔529نمونے لیبارٹری بھیجے جائیں گے۔اس مہم کے دوران کیڑے مار، جڑی بوٹی مار اور جراثیم کش ادویات کے 293جبکہ کھاد کے 236نمونے جمع کئے گئے، جنہیں لیبارٹری میں بھیجا جائے گا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ٹیسٹ بڈھال گاؤں میں ہونے والی پراسرار اموات کی وجوہات جاننے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔یہ پوری کارروائی ایگزیکٹو مجسٹریٹ، پولیس، محکمہ صحت اور زراعت کے مشترکہ تعاون سے کی گئی، جس کی نگرانی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ڈاکٹر راج کمار تھاپا نے کی۔