عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بڈھال سانحے میں جاں بحق ہوئے اَفراد کے لواحقین کے حق میں وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے 30لاکھ روپے کی گرانٹ کی گرانٹ منظور اور جاری کی۔دسمبر 2024 ء میں راجوری ضلع کے گاؤں بڈھال میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جس میں13بچوںسمیت 17اَفراد اَپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس سانحے سے پورے علاقے میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی۔وزیراعلیٰ نے سوگوار کنبوں کے زِندہ بچ جانے والے اَفراد کو اَپنی زندگی کی تعمیر نو کے قابل بنانے کے لئے متاثرہ کنبوں کو اس مشکل وقت میں کچھ راحت فراہم کرنے کے لئے مالی اِمداد کی منظور ی دی۔رُکن قانون ساز اسمبلی بدھال جاوید اِقبال چودھری نے اعلان پر ردِّعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا،’’میں آپ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے بدھال سانحے میں جاں بحق ہوئے لواحقین کے لئے مالی اِمداد منظور کی۔ اس دُکھ کی گھڑی میں آپ کی ہمدردانہ مدد متاثرہ کنبوں کے لئے باعثِ سکون ہے اور اسے بے حد سراہا گیا ہے‘‘۔وزیر اعلیٰ کی یہ بروقت مداخلت نہ صرف متاثرہ کنبوں کے لئے باعثِ تسلی بنی بلکہ حکومت کی اس عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ وہ بحران کے وقت اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔