سمت بھارگو
راجوری//بڈھال گاؤں کے 69 خاندانوں کے 670 جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے حکومتی انتظامیہ اور شہری رضاکار مشترکہ طور پر دن رات سرگرم ہیں۔ یہ خاندان اس وقت راجوری میں قائم علیحدگی مراکز میں مقیم ہیں۔ان 69 خاندانوں کے 354 افراد کو پانچ دن قبل ضلع ہیڈکوارٹر پر قائم علیحدگی مراکز میں منتقل کیا گیا تھا۔ یہ تمام خاندان، جو قبائلی برادری سے تعلق رکھتے ہیں، اپنے پالتو جانوروں کو پیچھے چھوڑ کر آئے ہیں، جو ان کا اہم ذریعہ معاش ہیں۔ حکام کی جانب سے ان کے جانوروں کی مناسب دیکھ بھال کی یقین دہانی کے بعد یہ خاندان علیحدگی مراکز منتقل ہونے پر راضی ہوئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ، دل میر نے بتایا کہ حکام کل 670 جانوروں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ’’علیحدگی مراکز میں منتقل ہونے والے 69 خاندانوں کے یہ جانور جن میں بھینسیں، گائے، بیل، کتے، بکریاں، بھیڑیں، اور مرغیاں شامل ہیں، پیچھے رہ گئے ہیں‘۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ان جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے پانچ ارکان پر مشتمل آٹھ مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں ہر ٹیم کی سربراہی ایک افسر کر رہا ہے اور دیگر چار اہلکار بھی اس میں شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی شہری رضاکار بھی ان ٹیموں کی بہترین ممکنہ طریقے سے مدد کر رہے ہیں تاکہ ان جانوروں کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنائی جا سکے۔دوسری جانب، ایک شہری رضاکار کبیر راتھر نے بتایا کہ درجنوں رضاکار دن رات ان مویشیوں کی خدمت کر رہے ہیں، جنہیں بڈھال کے خاندان چھوڑ کر آئے ہیں۔راتھر نے مزید کہا کہ یہ رضاکار بدھل کے ایم ایل اے جاوید اقبال چوہدری کی نگرانی میں کام کر رہے ہیں۔