سمیت بھارگو
راجوری //بڈھال گائوں میں17 پراسرار اموات کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی جموں و کشمیر پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم(ایس آئی ٹی) جارحانہ انداز میں اپنی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک 180 لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔ٹیم نے گزشتہ چند مہینوں میں موصول ہونے والے مختلف قسم کے پارسلوں کی جانچ پڑتال کے لیے ضلع میں متعدد پارسل آئوٹ لیٹس بھی قائم کیے ہیں۔ایک سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) رینک کے افسر کی سربراہی میں جموں و کشمیر پولیس نے بڈھال گائوں میں پراسرار اموات کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی جس میں 7 دسمبر سے اب تک سترہ افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔15 جنوری کو، حکام نے بتایا، ایس آئی ٹی نے بڑی تعداد میں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کے ارکان سے پوچھ گچھ کی ہے۔حکام نے بتایا “ایس آئی ٹی نے اب تک180 سے زیادہ لوگوں سے پوچھ گچھ کی ہے جن میں ان خاندانوں کے بہت سے افراد شامل ہیں جہاں موت واقع ہوئی ہے” ۔اس کے ساتھ ساتھ، ایس آئی ٹی نے ضلع کے مختلف پارسل ڈیلیوری آئوٹ لیٹس کے ساتھ بھی رابطہ قائم کیا ہے اور ان سے پارسل کی نوعیت کی جانچ کرنے کے لیے پچھلے ایک سال میں موصول ہونے والے تمام قسم کے پارسلوں کی تفصیلات شیئر کرنے کو کہا ہے۔