سرینگر//حریت (ع)، لبریشن فرنٹ،دختران ملت، سالویشن مومنٹ،ماس مومنٹ ،ووئس آف وکٹمزاور پیروان ولایت نے بڈگام میں فورسز کے ہاتھوںمارے گئے سید حبیب اللہ ساکن سویہ بگ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں فورسز غیر معمولی اختیارات کی آڑ میںانسانیت کی قبا چاک کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کررہے ہیں۔حریت(ع) ترجمان نے فورسز کے اس طرز عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں فورسزاہلکار بے لگام ہوچکے ہیں اور خود کو حاصل غیر معمولی اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے عام لوگوں کو اپنے تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں جو انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے ہلاکت کوفورسز کی سفاکیت کی دلیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب فوجیوں اور اہلکاروں کو قانون کا سہارا حاصل ہو تو وہ انسانوں کا قتل کرنے میں بے باک ہوجاتے ہیں اور آج اس معصوم بزرگ کشمیری کا قتل بھی اسی بے باکی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مذکورہ بزرگ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا ۔دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز اہلکار کسی کشمیری کو مارنے سے قبل ذرا بھی نہیں سوچتے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ ہم پر کب کا عیاں ہوچکا ہے لیکن یہ واقعات دنیا کی طاقتوں کیلئے چشم کشا ہونے چاہئیں اور انہیں سمجھنا چاہئے کی بھارت کس طرح کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔سالویشن مومنٹ نے فورسز کی جانب سے بڈگام میں فائرنگ کے نتیجے میںایک بزرگ شہری کو جاں بحق کرنے کی کارروائی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ ماس مومنٹ نے ہلاکت کو انتہا پسندی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ معصوموں کو نشانہ بنانا فورسز کا معمول بن گیا ہے۔ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوام عالم اور بشری حقوق کی عالمی تنظیموں کی طرف سے شہری ہلاکتوں پر خاموشی کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ووئس آف وکٹمزکے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے فورسز کی کارروائی کو افسپا کی دین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کے ہاتھوں عام شہریوں کی ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ اب تشویشناک رخ اختیار کرچکا ہے ۔پیروان ولایت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے فورسز کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نہ کسی بہانے بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے جو انتہائی تشویشناک عمل ہے۔