بڈگام کی سڑکوں کی توسیع حکومت کی ترجیح:نعیم اختر

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 سرینگر//وزیر برائے تعمیرات عامہ نعیم اختر نے کہا ہے کہ بڈگام ضلع میں برسوں پُرانی سڑکوں جنہیں اب تک نظر انداز کیا گیا تھا، کی تعمیر و توسیع کو اب ترجیحی بنیادوں پر ہاتھ میں لیا جائے گاتا کہ اس علاقہ کی آبادی بھی ریاست کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔وزیر مختلف وفود کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے تھے جو ان سے واڑون، ارتھ، چک بُگ، شولی پورہ، سویہ بُگ اور ضلع بڈگام کے دیگر علاقوں کے مفصل دورے کے دوران ملاقی ہوئے۔وزیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر بڈگام اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔وزیر نے کہا کہ سویہ بُگ، واڑون اور ملحقہ علاقوں میںپہلی بار 17 کلو میٹر سڑک مسافت تعمیر کی جائے گی۔نار بل میں انہوں نے اعلان کیا کہ ناربل۔ واڑون سڑک2 سال کے اندر مکمل کی جائے گی اور پہلا مرحلہ رواں سال کے دوران ہی عوام کے نام وقف کیا جائے گا اور ضلع کے مرکزی علاقہ تک جانے والی سڑک کو بھی ٹریفک کے نقل و حمل میں بہتری لانے کے لئے کشادہ کر کے توسیع دی جائے گی۔وزیر نے متعلقہ حکام کو نکاسی آب کے معقول نظام کے قیام کو بھی زیر غور رکھنے کی ہدایت دی تا کہ موسم سرما یا بارشوں کے دوران سڑکوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔نعیم اختر نے کہا کہ اہم ذیلی سڑکوں کی مرمت و توسیع کا کام بھی ہاتھ میں لیا جائے گا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ رضا کارانہ طور پرسڑکوں سے تجاوزات ہٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی ایک ٹیم ضلع حکام کے ساتھ مل کر جلد ہی سڑکوں پر ناجائیز تجاوزات کو ہٹانے کی مہم شروع کرے گی۔ارتھ میں وزیر نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی، بجلی و پانی کی قلت کے مسائل کا عنقریب ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے سی ڈی ایف میں سے علاقہ کی بڑی مسجد کے لئے وضو خانے تعمیر کرنےکے لئے رقومات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ گرند کُھرد سڑک کی تعمیر کا کام جو طویل مدت سے التواءمیں پڑا ہے ، کو ایک ماہ کے اندر ہاتھ میں لیا جائے گا۔ اسی طرح شولی پورہ سڑک کا کام بھی اسی سال شروع کیا جائے گا۔مقامی لوگوں نے وزیر سے اپیل کی توسہ میدان تک براستہ شولی پورہ سڑک تعمیر کی جائے تا کہ اس سیاحتی مقام تک نسبتاً کم طویل اور بہتر سڑک رابطہ سہولیت دستیاب ہوسکے۔انہوںنے مقامی طبی مرکز کے لئے ایمبولنس کا بھی اعلان کیا اور دیگر سڑکوں کی تعمیر کے لئے فوری طور مفصل پروجیکٹ رپورٹ مرتب کر کے متعلقہ حکام کو رقومات کی فراہمی کے لئے پیش کرنے کی ہدایت دی۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *