بڈگام//بڈگام سے جسمانی طور پر معذور شال بیچنے والے نوجوان کو بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔بڈگام کے ارتھ گاں کے نعیم احمد ملہ کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے لیے بورڈ آف ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے خط موصول ہوا ہے۔نعیم احمد کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لئے ٹیسٹ اور ٹی 20 میچوں میں کھیلنے کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز ، ٹیسٹ میچ اور ٹی 20 سیریز کیلئے بھی منتخب کیا گیا ہے۔25 سالہ نعیم احمد بڈگام ضلع کا ایک پرجوش کرکٹ کھلاڑی رہا ہے اور کرکٹ کے میدان میں بہت مہارت کے ساتھ گیند کو مارتا رہا ہے۔نعیم نے بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کھیلنے کے لئے منتخب ہونے پر کہا کہ وہ پہلے ہی قومی سطح پر میچ کھیل چکے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں کولکتہ میں شال بیچ رہا تھا اور مزدوری کرکے گزر بسر کررہا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے ، ٹی 20 اور ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں اور سال 2022 میں ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "میں حیدرآباد میں ٹرائلز اور ٹیسٹ سے گزرا جس کے دوران سلیکٹرز نے میری مہارت دیکھی اور مجھے منتخب کیا گیا۔