سری نگر// جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام میں ریلوے کواٹرس میں چوری کی واردات رونما ہونے کے بعد پولیس نے محض 48 گھنٹوں کے اندرا ندر تین نقب زنوں کو حراست میں لے کر اُن کے قبضے سے مالہ مسروقہ برآمد کرکے ضبط کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ تھانہ بڈگام کو شکایت موصول ہوئی کہ ریلوے کواٹرس میں نامعلوم افراد نے نقب لگا کر وہاں سے لاکھوں روپیہ مالیت کے لیپ ٹاپ ، گھڑیاں اور طلائی زیورات اُڑا کر راہ فرار اختیار کی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے معاملے کی نسبت ایک کیس زیر نمبر 58/2022 کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
اُن کے مطابق پولیس نے کئی مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر پولیس اسٹیشن طلب کیا جس دوران کچھ سراغ ملے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ سخت کوششوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پولیس نے چوری کی اس واردات میں ملوث تین نقب زنوں کو حراست میں لے لیا جن کی بعد میں شناخت ہارون رشید خان ولد عبدالرشید خان ساکن شیخ پورہ ، سعید ارسلان ریاض ولد سعید ریاض شاہ ساکن گوٹی پورہ حال ہاوسنگ کالونی اوم پورہ او رنصیر احمد شاہ عرف صاحبا ولد محمد اسلم شاہ ساکن خانصاحب کے بطور ہوئی ۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے چرائی گئی لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیاءاور طلائی زیورات کو برآمد کیا گیا ہے۔
اُن کے مطابق گرفتار سارقوں کے قبضے سے ایف آئی آر زیر زنمبر 22/2022 زیر دفعات 454,380 آئی پی سی کے تحت درج کیس کے سلسلے میں چرائے گئے کچھ سامان کو بھی برآمد کیا گیا ہے۔
بتادیں کہ بڈگام پولیس نے محض 48 گھنٹوں کے اندرا ندر اس کیس کو حل کرکے لاکھوں روپیہ مالیت کے الیکٹرانک سامان اور طلائی زیورات کو برآمد کیا ہے۔
عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارروائی کو خوب سراہا ہے۔