عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // بڈگام میں 13جون کو رسیونگ اسٹیشن میں ایک دھماکے میں زخمی ہوئے دو نوں ملازمین جانبر نہ ہوسکے ۔ جونہی دونوں ملازمین کی لاشیںآن کے آبائی علاقوں میں پہنچائی گئیں تو وہاں کہرام مچ گیا ۔ 13 جون کو بڈگام رسیونگ اسٹیشن میںٹرانسفارمر دھماکہ مہلک ثابت ہوا کیونکہ پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے دو زخمی ملازمین نے سنیچر کی شام دیر گئے صدرہسپتال میں دم توڑ دیا ۔ دھماکہ کے دوران جونیئر انجینئر سمیت دو ملازمین زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا تھا تاہم دونوں ملازمین جونیئر انجینئر ہتیش ولی اور ٹیکنیشن منظور احمد ڈار ولد محمد اسماعیل ڈار ساکن خانپورہ بڈگام سنیچروار کی شام دیر گئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے ۔ اتوار کی صبح دونوں ملازمین کی لاشیں آبائی علاقوں میں پہنچائی گئیں اور وہاں قیامت صغریٰ ٹوٹ پڑی ۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ملازمین کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔