بڈگام میں کراس کنٹری پروگرام کا انعقاد | نمایاں کارکردگی دکھانے والے انعامات سے سرفراز

سرینگر// آزادی کا امرت مہواتسو کے ایک حصے کے طور پربڈگام میں پولیس نے ہر گھر ترنگا کے مشن کو فروغ دینے کے لیے جشن آزادی کی روح کے عنوان سے کراس کنٹری پروگرام کا انعقاد کیا۔ تقریب کو ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ کراس کنٹری پروگرام تقریب صبح سات بجے ریلوے اسٹیشن بڈگام سے شروع ہوئی اور ضلع پولیس ہیڈ کوارٹر بڈگام پر اختتام پذیر ہوئی جسمیں800سے زائد افراد اورمختلف عمر کے طلاب نے شرکت کی۔پری فلیگ آف” تقریب کے دوران ایس ایس پی بڈگام نے شرکاء سے بات چیت کی اور کہا کہ یوم آزادی 2022 کے موقعہ پر “جشن آزادی کے جذبے کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ ہمارے ان آزادی پسندوں کو یاد کیا جا سکے جنہوں نے قوم کی آزادی کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔ ایس ایس پی بڈگام نے لڑکوں اور لڑکیوں دونوں زمروں میں پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن لانے پر نقد انعامات، یادگاری نشانات اور اسناد سے نوازا۔ لڑکوں کے زمرے میں شاکر احمد ملک نے پہلی، عمر فاروق نے دوسری اور اویس ملک نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔لڑکیوں کے زمرے میں مہرین جاوید نے پہلی، شاہستہ شبیر نے دوسری اور عروج بلال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔(سی این ایس)