سرینگر// واجب الادا رقوامات کی عدم ادائیگی کو تعمیراتی ٹھیکیداروں کیلئے باعث نزاع قرار دیتے ہوئے ٹھیکیداروں کے مشترکہ اتحاد سینٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی نے فوری طور پر رقومات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فاروق احمد ڈار نے بڈگام ڈویژن میں پیش آئے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ واجب الادا رقوامات کی ادائیگی کا تقاضا کرنے والے تعمیراتی ٹھیکداروں کو نہ صرف جسمانی طور پر ہراساں کیا گیا بلکہ انہیں تھانوں میں بھی پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے رقومات کا تقاضا کرنا بھی اب گناہ اور خلاف قانون ہوچکا ہے،اور اس کی عکاسی بڈگام ڈویژن میں سامنے آئی جب ٹھیکیداروں کو عملے نے نشانہ بنایا۔ ڈار نے کہا کہ ان ٹھیکیداروں نے نامساعد حالات میں کام کیا ہے جبکہ گزشتہ واجب الادا رقومات کی ادائیگی کے علاوہ سال 2020 اور 2021 میں موسم سرما کے دوران برف باری سے متعلق کاموں کے فنڈس کی ادائیگی بھی نہیں ہوئی۔ فاروق احمد ڈار نے کہا کہ یہ ٹھیکیدار ہی ہے جو سرکاری افسران ،بیروکریٹوں اور سیاست دانوں کے وعدوں کو عملی جامہ پہناتا ہے اور لوگوں کو راحت پہنچاتا ہے تاہم انتظامی افسران اور کچھ بیوروکریٹوں کی جانب سے تغلقی رویہ اختیار کرنے سے ان ٹھیکیداروں کے منہ سے کھانے کا نوالہ بھی چھینا گیا۔ ڈار نے عملے کی جانب سے تعمیراتی ٹھیکیدار غلام حسن میر کو محکمہ تعمیرات عامہ بڈگام ڈویژن کے عملے کی جانب سے ہراساں کرنے اور انہیں جسمانی طور پر اذیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ تھانے میں بند کرنے کی کاروائی کو ’’ ایک تو چوری اور اس پر سینہ زوری‘‘ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیدار ٹیکسوں کی ادائیگی کرنے والا طبقہ ہے،جس سے ان ملازمین کی تنخواہیں واگزار ہوتی ہے۔ ڈار نے سرکار کو فوری طور پر واجب الادا رقومات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ٹھیکداروں کے ساتھ دفتروں میں ناروا سلوک نہ رکھا جائے۔