سرینگر/پولیس نے جمعہ کو اپنے ایک بیان میں بتایا کہ بڈگام پولیس کو یہ شکایت موصول ہوئی تھی کہ گلف ایچ آر سلوشنز حیدر پورہ نامی کمپنی کا مالک روزگار کے متلاشی نوجوانوں کو بیرونی ممالک میں نوکریاں فراہم کرنے کے نام پر دھوکہ دہی کے ذریعے ان سے رقومات اینٹھ رہا ہے۔
چنانچہ پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد اس سلسلے میں ایف آئی آ ر زیر نمبر 97/2019کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
بیان کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص جس کی شناخت عادل یوسف شیخ ولد محمد یوسف شیخ ساکنہ نو پورہ خیام کے بطور ہوئی ہے، کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے ضروری دستاویزات برآمد کرکے ضبط کئے۔
بیان کے مطابق اس کیس کی تحقیقات پر مامور آفیسران کو معلوم ہوا کہ مذکورہ کمپنی کے مالک نے متعدد بے روزگار نوجوانوں کو بیرونی ممالک میں روزگار فراہم کرنے کے نام پر انہیں جعلی ویزاز ،نوکریوں کے آرڈرس اور نقلی ٹکٹیں تھما کر ان سے ایک بڑی رقم وصول کی ہے۔