عظمیٰ نیوز سروس + غلام نبی رینہ
سرینگر//بڈگام میں ریل کی زد میں آکر ایک غیر ریاستی شہری ہلاک ہو گیا جبکہ بارہمولہ میں میں دریائے جہلم میں غرقآب نوجوان کی لاش دو دن بعد برآمدہوئی ۔ بڈگام میں ریل کی زد میں آکر ایک غیر مقامی شہری لقمہ اجل بن گیا ۔ حکام نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ چودھری باغ میں 74 کلومیٹر کے قریب بڈگام اور بارہمولہ اسٹیشنوں کے درمیان اس وقت پیش آیا جب ٹرین نمبر 74614 راستے میں تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ شخص ریل کی زد میں آ گیا اور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری کی شناخت کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ریلوے پولیس اور مقامی حکام موقع پر پہنچ گئے اور اس مہلک حادثے کی وجہ جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ادھر بارہمولہ کے جیٹی خواجہ باغ کے قریب دریائے جہلم میں دو دن قبل نہاتے ہوئے ڈوبنے والے ایک نوجوان کی لاش منگل کی صبح بر آمد کر لی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کی شناخت اعجاز احمد گنائی ولد محمد عارف گنائی ساکن شیروانی کالونی، بارہمولہ کے بطورہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعجاز احمد اتوار کو ندی کے کنارے نہاتے ہوئے ڈوب گیاتھا جس کے بعد ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس ، مقامی رضاکاروں اور بارہمولہ پولیس کی مشترکہ تلاشی مہم شروع ہوئی۔ اس کی لاش 8 جولائی کی صبح اسی علاقے سے برآمد ہوئی تھی۔ادھر گنڈ کنگن میں ایک سڑک حادثے کے دوران ایک شہری زخمی ہوگیا۔سونمرگ سے گنڈ کی طرف رواں دواں ایک تویرا گاڑی زیر نمبر JK05L-8283گنڈکے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر تقریباً دو سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور عرفان احمد خان ولد محمد اکبر خان ساکن باغ پٹی سرفراو گنڈ زخمی ہوگیا۔حادثے کی خبر ملنے کے فورا ًبعد مقامی لوگ اورگنڈ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ڈرائیور کو باہر نکال کر نزدیکی ہسپتال پہنچایا جہاں سے اسے مزید علاج کے لئے سب ضلع ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا ۔ایس ایچ او گنڈ آفاق ماجد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گاڑی میں ڈرائیور کے علاوہ کوئی اور سوار نہیں تھا۔ پولیس نے حادثے سے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔