عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ایران پر اسرائیلی حملوں کے خلاف جمعہ کو انجمن شرعی شیعیان کے زیر انتظام تمام جمعہ مراکز پر اسرائیلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں صدر انجمن آغا سید حسن نے اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ اسرائیل کی یہ جارحیت عالمی قوانین و ضوابط کی مسلسل پامالی کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو صرف اس کے اصولوں اور واضح موقف کی بنیاد پر نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ ایران مظلوم فلسطینی عوام اور غزہ کی حمایت میں کھل کر آواز بلند کرتا ہے۔انہوںنے مزید کہا’’ایران پر اسرائیلی فضائی حملے نہ صرف غیرمنصفانہ اور اشتعال انگیز ہیں بلکہ یہ پوری عالمی برادری کے لیے ایک کھلا چیلینج ہیں۔ یہ حملے صرف ایک ملک پر نہیں بلکہ انصاف، قانون اور انسانیت کی مشترکہ اقدار پر حملہ ہیں‘‘۔آغا حسن نے کہا کہ اس طرح کی جارحیت پورے خطے کو ایک وسیع جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے جس کے تباہ کن اثرات عالمی امن و سلامتی پر مرتب ہوں گے۔ انجمن سربراہ نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں اور خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جاری انسانی بحران اور فلسطین کے حل طلب مسئلے کی طرف فوری توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اسرائیلی قبضے اور ظلم کا خاتمہ نہیں ہوگا، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔