عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //بڈگام اور نگروٹہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کیلئے تمام آپشن کھلے ہیں کی بات کرتے ہوئے پردیش کانگریس کمیٹی کے جموں کشمیر صدر طارق حمید قرہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیں نگروٹہ سیٹ کی پیشکش کی ہے۔ ہم نے مرکزی ہائی کمان کے سامنے اپنا معاملہ پیش کیا ہے، اور ہم ان کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔سرینگر میں ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے قرہ نے کہا کہ کانگریس بڈگام اور نگروٹہ دونوں سیٹوں سے امیدوار کھڑا کرے گی۔ انہوں نے کہا ’’تمام آپشن کھلے ہیں، میں نے اپنی رپورٹ مرکزی قیادت کو پیش کر دی ہے، اور وہ اس کا جائزہ لے رہے ہیں‘‘۔انہوں نے اعتراف کیا کہ نیشنل کانفرنس نے انہیں نگروٹہ سیٹ کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا ’’انہوں نے ہمیں پیشکش کی ہے۔ ہم نے مرکزی ہائی کمان کے سامنے اپنا کیس پیش کیا ہے، اور ہم ان کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں‘‘۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا سمارٹ میٹر پر عمر عبداللہ کا بیان پارٹی کیلئے ایک مسئلہ ہوگا، قرہ نے کہا کہ یہ نیشنل کانفرنس کو وضاحت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ہمیں اس کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ ہمارے منشور میں نہیں تھا۔ یہ ان کے لیے ہے کہ وہ وضاحت کریں کہ انہوں نے پہلے کیا کہا تھا اور اب کیا کہہ رہے ہیں۔ ‘‘ نیشنل کانفرنس کے ساتھ تعلقات پر انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان تعلقات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور رشتہ مضبوط ہے ۔