بلال فرقانی
سرینگر//بڈگام اور نگروٹہ حلقہ انتخاب کے ضمنی الیکشن میں آج ووٹوں کی گنتی ہوگی اور نتائج کا اعلان بھی آج ہی کیا جائے گا۔دونوں حلقوں میں انتخابی میدان میں شامل27امیدواروں کی سیاسی تقدیر کا فیصلہ ہونے والا ہے۔ان حلقوں میں ضمنی انتخابات کا الیکشن 9نومبر کو ہوا تھا جس میں مجموعی طور پر60.78 فیصد پولنگ درج کی گئی۔بڈگام اسمبلی نشست وزیر اعلی ٰعمر عبداللہ کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی، جبکہ نگروٹہ نشست بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر دیوندر سنگھ رانا کی فوتگی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ دونوں حلقوں میں ووٹ شماری صبح8بجے شروع ہوگی جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہے۔
بڈگام
بڈگام حلقہ انتخاب میں اس بار 1.26 لاکھ رائے دہندگان ووٹ دینے کے اہل ہیں، جو پچھلے انتخابات کے مقابلے میں اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ پچھلے اسمبلی انتخابات میں 52.68فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے، تاہم منگل کو ہوئے الیکشن کے دوران 50.02فیصد رائے دہندگان نے اپنا جمہوری حق ادا کیا۔بڈگام اسمبلی سیٹ پر 17 امیدوار میدان میں ہیں جن میں نیشنل کانفرنس کے آغا سید محمود،پی ڈی پی کے آغا سید منتظر ،بھارتیہ جنتا پارٹی کے آغا سید محسن ،عام آدمی پارٹی کی دیبا خان،اپنی پارٹی کے مختار احمد ڈار،ریپبلکن پارٹی آف انڈیاپرویز احمد میر،آزاد امیدوار منتظر محی الدین،نذیر احمد خان، ڈاکٹر مقبول بٹ، جبران ڈار،مشتاق احمد بٹ،پنتھرس پارٹی(بھیم) کے فاروق احمد،راشٹریہ لوک دل کے منظور احمد گنائی،سمپورن بھارت کرانتی پارٹی کے محمد شفیع شاہ اور نیشنل لوک تانترک پارٹی کے شبیر احمد گنائی بھی قسمت آزما رہے ہیں۔پچھلے انتخابات میںنیشنل کانفرنس امیدوار عمر عبداللہ نے 36,010 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پی ڈی پی امیدوار آغا سید منتظر مہدی نے 17,525 ووٹ حاصل کیے تھے۔ اب تک ہوئے11انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے10الیکشنوں میں کامیابی درج کی ہے جبکہ کانگریس نے ایک بار کامیابی درج کی ہے۔
نگروٹہ
نگروٹہ حلقے میں 10 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں اہم مقابلہ بی جے پی کی دیویانی رانا، نیشنل کانفرنس کی شمیم بیگم اور نیشنل پینتھرس پارٹی کے صدر ہرش دیو سنگھ کے درمیان ہے۔اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے جوگندر سنگھ، اپنی پارٹی کے بودھ راج اور تین آزاد امیدوار بھی انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ نگروٹہ حلقے میں 97,893 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جبکہ9نومبر کو ہوئے الیکشن کے دوران75.08فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ اس نشست پر اب تک ہوئے5انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے2جبکہ بھاجپا نے3بار جیت درج کی ہے۔جگل کشور اور دیوندر سنگھ رانا نے دو دو بار اس الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے۔