عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بڈگام اور نگروٹہ اسمبلی حلقوں کے لیے نامزدگی کا عمل پیر کو الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ان کے لیے دو الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے ساتھ شروع کیا۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، کمیشن نے کہا کہ امیدواربڈگام اور نگروٹہ کے لیے 20 اکتوبر تک اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔پولنگ باڈی نے اعلان کیا کہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 22 اکتوبر کو ہوگی، جب کہ امیدواروں کی واپسی کی آخری تاریخ 24 اکتوبر ہے۔ووٹنگ 11 نومبر کو اور گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔بڈگام سیٹ 21 اکتوبر 2024 کو اس وقت خالی ہوئی جب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں دونوں سیٹوں سے کامیابی کے بعد گاندربل حلقہ کو برقرار رکھنے کا انتخاب کیا۔ نگروٹہ سیٹ 31 اکتوبر 2024 کو بی جے پی ایم ایل اے دیویندر سنگھ رانا کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔