سرینگر //شہر خاص کے خانیار سے لالچوک تک جانے والی سڑک کی پچھلے کئی سال سے مرمت نہیں ہورہی ہے جسکی وجہ سے خانیار سے بڈو باغ تک سڑک انتہائی خستہ ہوچکی ہے مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کو سال2014کے تباہ کن سیلاب میں نقصان پہنچا تھا مگر کئی سال گزر جانے کے بائوجود بھی سڑک کی مرمت نہیں کی گئی۔ خانیار کے رہنے والے مشتاق احمد نے بتایا کہ سال 2014میں ہوئی تباہ کن بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے سڑک کو نقصان پہنچا تھا مگر تب سے سڑک کی مرمت نہیں کی گئی جسکی وجہ سے مذکورہ سڑک پر نہ صرف راہ گیروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ بڈو باغ کے نزدیک موجود کھڈوں کی وجہ سے کئی حادثات رونما ہوئے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ خانیارسے بڈوباغ تک مکمل ڈرینیج سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے نالیوں کا گندہ پانی معمولی سے بارش کے بعد سڑک پر آتا ہے۔ محمد سلیم نامی شہری نے بتایا کہ سڑک پر موجود گہرے کھڈوں کی موجودگی سے کئی بار بڑے حادثے ہوتے ہوتے ٹل گئے ۔انہوںنے بتایا کہ مذکورہ سڑک کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے مقامی آبادی نے متعلقہ ایم ایل سی کو بھی بتایا تھا مگر ابتک سڑک کی مرمت کے حوالے سے کوئی بھی کاروائی نہیں کی گئی۔ خانیار کے لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مذکورہ علاقے میں خستہ حال سڑک کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو راحت نصیب ہو۔