پرویز احمد
سرینگر //چائلڈ ویلفیئر کمیٹی سرینگر نے نجی سکولوں، کنڈر گارڈن،کوچنگ مراکز اور کرچوں میں زیر تعلیم بچوں کے ٹرانسپورٹ کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کی جانب سے ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنے ، اورلوڈنگ اور تیز رفتار ی سے چلنے پر 15دنوںمیں کاروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر، ٹریفک پولیس کے سینئر سپر انٹنڈنٹ اور چیف ایجوکیشن آفیسر سرینگر سے کہا گیا ہے کہ نجی سکولوں کی گاڑیوں، کوچنگ سینٹروں، کرچوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں پڑھائی کررہے بچوں کی حفاظت کیلئے چوکسی بڑھاتے ہوئے خصوصی مہم شروع کرئے، تاکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جاسکے۔ سرکیولر میں لکھا ہے کہ چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ نجی سکولوں ،کوچنگ سینٹر وں اور کرچوں میں زیر تعلیم بچوں کو گھر سے سکول لانا اور گھر واپس لانے کے دوران نہ صرف تیز رفتار سے گاڑیاں چلاتے ہیں بلکہ گاڑیوں میں بیٹھنے کی صلاحیت سے زیادہ بچوں کو سوار کیا جاتا ہے۔سرکیولر میں لکھا گیا ہے کہ ان گاڑیوں کے مالکان جن کے پاس دستاویزات ،نہ رجسٹریشن نمبرہوتا ہے اور بچوں کو لیکر کافی تیزی سے گاڑیاں چلاتے ہیں۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ یہ معاملہ کافی سنگین رخ اختیار کرچکا ہے اوراسلئے قانون نافذ کرنے والے تمام محکمہ جات سے ضروری اقدامات اٹھانے کی گذارش کی جاتی ہے۔ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ 15دنوں کے اندر اندر ان گاڑیوں کا اچانک معائنہ کریں تاکہ موٹر وہیکل ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے سکول ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جائے ۔ ایس ایس پی ٹریفک سرینگر سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ان گاڑیوں کے مالکان کے خلاف قانون کے تحت کاروائی کریں جو بچوں کی جان کیلئے کبھی بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔ چیف ایجوکیشن آفیسر سرینگر سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ تمام سکولوں کے پرنسپلوں اور سربراہاں کے نام ہدایت جاری کریں تاکہ بچوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے اور ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کی بھی ہدایت جاری کریں۔