راجوری //جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچر ز فورم کے جنرل سیکریٹری جہانگیر عالم خان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کی خاطر سرکاری سکولوں میں داخلہ دلوائیں ۔اپنے ایک پریس بیان میں جہانگیر خان نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ تعینات ہوتے ہیں جو بچوں کی بہتر طریقہ سے نشو و نما کرسکتے ہیں اور انہیں اچھی تعلیم دے سکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے قابل طلباء کو نجی تعلیمی اداروں میں داخل کرایاجاتاہے جبکہ سرکاری سکولوں کو کم قابلیت والے طلباء ملتے ہیں ،اسی طرح سے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کے والدین ان پر کافی محنت کرتے ہیں جبکہ سرکاری سکولوں کے بچوں پر کوئی دھیان نہیں دیاجاتا۔انہوںنے کہاکہ جو دھیان والدین پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء پر رکھتے ہیں،اگر ویسی ہی توجہ سرکاری سکولوں کے طلباء کو بھی ملے تو ان کے نتائج بہتر ہوسکتے ہیں ۔جہانگیر عالم خان نے کہاکہ سبھی والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوںکو سرکاری سکولوں میں داخل کرائیں ۔