اننت ناگ// اننت ناگ کے بٹہ گنڈ علاقے میں نریگا کے تحت ایک سڑک کی تعمیر مقامی لوگوں اور ٹھیکیدار کے درمیان باعث تنازعہ بن گیا ہے،جس کی وجہ سے سڑک پر ایک ماہ سے کام بند ہے۔ پیر محلہ بٹہ گنڈ ویری ناگ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مقامی ممبر اسمبلی فاروق احمد اندرابی کی مداخلت سے عرصہ دراز کے بعد پیر محلہ میں اندرون رابطہ سڑک کی تعمیر کا کام منظور کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران ایک ٹھیکیدار کو کام بھی سونپا گیا اور محکمہ دیہی ترقی کی گائڈ لائنز کے تحت سڑک تعمیر کرنے کا کام بھی شروع ہوا،تاہم سڑک کے بیچ درخت آنے کی وجہ سے کام رک گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق اوقاف کمیٹی کی مداخلت سے معاملہ سلجھایا گیااور7کنبوں نے سڑک کے بیچ آنے والے لاکھوں روپے مالیت کے درخت کاٹ لئے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اب جبکہ مذکورہ ٹھیکیدار کے درخت اس روڑ کے درمیان آئے تو وہ روڑ کو تنگ کر رہا ہے،کیونکہ وہ اپنے درخت بچا رہا ہے۔مقامی لوگوں کے اعتراض کے بعدٹھیکیدار نے سڑک پر کام بند کیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق متعلقہ تحصیلدار اور بلاک ڈیولپمنٹ آفسر سے رابطہ قائم کرکے انہیں تمام تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ ٹھیکیدار نے اوقاف کمیٹی کے سامنے جو فیصلہ قبول کرکے تحریری طور پر ضمانت دی،وہ اب اُس سے بھی منحرف ہو رہا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ مقامی ممبر اسمبلی سے اس سلسلے میں مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔