ترال//ترال کے بٹہ گنڈ علاقے میں جمعہ کی شام ایک دلدوز حادثے میں گاڑی کی صفائی کے دوران دو ڈرائیور بجلی کی ہائی ٹنشن ترسیلی لائن چھونے سے لقمہ اجل بن گئے ۔جس کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔ مہلوک نوجوانوں کی شناخت 26سالہ عادل احمد لون ولد علی محمد لون اور28 سالہ اعجاز احمد ملک ولد محمد افضل ملک ساکنان بٹہ گنڈ ترالکے بطور ہوئی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اگر چہ دنوں کومقامی لوگوں نے فوری طور ترال ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ ہسپتال پہنچانے سے قبل ہی لقمہ اجل بن گئے ۔ دونوں نوجوانوں کی میت ان کے آبائی گھروں کو پہنچائی گئی تو وہاں کہرم مچ گیا۔اس دوران مقامی انتظامیہ نے اس واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں پایا کہ یہ حادثہ محکمہ بجلی کی غفلت شعاری کے باعث پیش آیا ہے جس کے بعد ایک اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر،ایک جونیئر انجینئراور تےن فیلڈ عملہ سمیت کئی ملازمین کو معطل کیا گیا ہے۔ یس ڈی ایم ترال ریاض احمد ملک نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ اس حادثے کی فوری طور تحقیقات شروع کی گئی ہے اور پہلے ہی اونتی پورہ سب ڈویژن سے وابستہ افسران اور عملے کو معطل کیا گیا ہے۔