شوپیان // بٹہ مڈن کیلرشوپیان میں 19 دسمبر2017 کو مسلح تصادم کے دوران زخمی ہونے والا ایک شہری 27 دنوں کے بعد زندگی کی جنگ ہار گیا ہے۔اسکی شناخت محمد ایوب بٹ ساکن مولو چھتراگام کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ 57برس کامحمد ایوب بٹ بٹہ مڈن وانپورہ کیلرمیں 19 دسمبر 2017 کو جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے مسلح تصادم کے دوران گولیاں لگنے سے زخمی ہوا تھا۔اسے تین گولیاں لگیں تھیں اور اسکی حالت نازک بنی تھی جب اسے سرینگر صدر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔واضح رہے یہاں تصادم آرائی میں ایک مقامی جنگجو سمیت دو عساکر جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 24سالہ ایک جوان سال خاتون روبی جان عرف بیوٹی، جو 10ماہ کے بچے کی ماں تھی، کو فورسز نے اپنے گھر میں گولی مار کر ہلاک کیاتھا۔اسکے علاوہ قریب 50مظاہرین زخمی ہوئے تھے۔محمد ایوب کا صدر اسپتال میں قریب 20روز تک علاج و معالجہ ہوتا رہااور ایک ہفتہ قبل اسے گھر بھیج دیا گیا تھا۔سوموار کی شب اسکی حالت بگڑ گئی جس کے بعد اس کے افراد خانہ نے اسے سری نگر منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا‘۔بعد میں جلوس کی صورت میں نعروں کی گونج میں محمد ایوب کو پُرنم آنکھوں سے آبائی مقبرہ میں سپرد لحد کیا گیا۔معلوم ہوا کہ محمد ایوب کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں جو کہ ابھی زیر تعلیم ہیں محمد ایوب کا بڑا بیٹا نویں جماعت میں زیر تعلیم ہے ۔محمد ایوب اپنے اہل خانہ کا واحد کمائو تھا۔دریں اثناء سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نیمحمد ایوب بٹ کو خراج عقید ادا کیا ہے۔