سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میں کل آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران جنرل بس سٹینڈ بٹہ مالو جو کہ عدالت عالیہ کے احکامات کے تحت دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے ،کے متاثرہ دکانداروں کی بازآبادکاری کے نئے جامع منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں وی سی ایس ڈی اے ،چیف ٹائون پلانر ،سپر انٹنڈنگ انجینئر تعمیرات عامہ ،آر اینڈ بی اورایس ڈی اے کے انجینئران ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ،جنرل بس سٹینڈ کے متاثرہ دکانداروں کے نمائندے اور دیگر آفیسران موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جنرل بس سٹینڈ کی منتقلی سے 718تاجر متاثر ہوئے ہیں ۔با آباد کاری کے نئے منصوبے کے تحت سرکار کی طرف سے 25کنال اضافی اراضی حاصل کی جارہی ہے جہاں نیا شاپنگ کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔پہلے مرحلے کے تحت نئی جگہ پارم پورہ بس سٹینڈ میں 146دکانیں تعمیر کی جائیں گی جو کہ متاثرہ دکانداروں اوردیگر متاثرہ تاجروں نیز چھاپڑی فروشوں میں مفت تقسیم کی جائیں گی ۔صوبائی کمشنر نے آر اینڈ بی انجینئروں کو نئے شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر کے لئے فوری طور کام کرنے کی ہدایت دی ۔انہوںنے متاثرہ دکانداروںپر بھی نئے پارم پورہ بس سٹینڈ کا دورہ کرنے پر زوردیا۔