سرینگر// بٹہ مالو میں کوڑا کرکٹ و گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے نہ صرف عفویت پھیل رہی ہے بلکہ سڑکوں اور گلی کوچوں میںموجود کچرے کے ڈھیروں کی وجہ سے ڈرین بھی بلاک ہوگئی ہے ۔بٹہ مالو کے بسم اللہ مارکیٹ میں کچرے کے بڑے ڈھیر سڑک کے کنارے جمع ہیں اور پیدل چلنے والوں، سکول کے بچوں ،مقامی دکانداروںاور علاقہ مکینوں کا پیدل چلنا دشوار ہوگیا ہے۔گندگی کے اس ڈھیر سے نہ صرف علاقے میں بدبو اور عفویت پھیل رہی ہے بلکہ اب یہ کوڑا کرکٹ ڈرین میں گر رہا ہے جس کی وجہ سے ڈرین بلاک ہوگئی ہے اور گندے پانی کی نکاسی نہیں ہو پارہی ہے ۔ مقامی دکانداروں نے بتایا کئی مرتبہ گندگی کے ڈھیر ہٹانے کا مطالبہ کیا گیاتاہم بلدیاتی اداروں کی طرف سے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچرے سے قرب و جوار میں لوگوں کو بیمار کرنے کا سبب بھی ہے اور بدترین منظر کی وجہ سے راہ گیروں کو شدید کوفت کا سامنا ہے۔ارشد احمد نامی دکاندار نے بتایا کہ کئی ہفتوں سے پڑے کچرے میں بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے جبکہ ڈرین کی صفا ئی نہ ہونے سے ڈرین میں بارشوں کا پانی جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے بد بو پھیل رہی ہے اور یہاں سے گذ ر نے والوں کو منہ ڈھا نپ کر چلنا پڑتا ہے۔مقامی دکانداروں اور لوگوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن سے اپیل کی کہ کچرے کے ان ڈھیروں کو جلد از جلد ہٹایا جائے اورعلاقہ میں صفائی مہم چلائی جائے ۔