سرینگر//فائر اینڈ ایمر جنسی ہیڈکوارٹر کے بالکل قریب شہر کے مصروف ترین علاقے بٹہ مالو میں دن دہاڑے جنگجوئوں نے نیم فوجی دستے سی آر پی ایف اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور 2زخمی ہوئے۔منگل کو قریب سوا 4بجے بٹہ مالو میں فائر اینڈ ایمر جنسی ہیڈکوارٹر کے بلمقابل کراسنگ پر بال گارڈن لین کے نکڑ پر 23بٹالین سی آر پی ایف کے اہلکار ڈیوٹی دے رہے تھے جس کے دوران نا معلوم سمت سے جنگجو نمودار ہوئے اور انہوں نے دونوں اہلکاروں کو گولیوں کا نشانہ بنایا ۔ جنگجوئوں کی فائرنگ سے تینوں اہلکار خون میں لت پت ہوکر گر گئے ، جنہیں فوری طور اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں سپاہی شنکر لال کی موت واقع ہوئی جبکہ اسکے ساتھی کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔واضح رہے یہ جگہ انسپکٹر جنرل پولیس آفس اور سرینگر پولیس لائنز کے بالکل قریب ہے۔علاقے میں جوں ہی فائرنگ کی آواز سنی گئی،تو افراتفری مچ گئی اورلوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے ۔ فائرنگ کے نتیجے میںمصروف ترین بتہ مالو سڑک پر ٹریفک کی روانی رک گئی اور جو جہاں تھا وہی رک گیا۔ واقعہ کے فوراً بعد علاقے کو سیل کیا گیا اور پانپوری شاپنگ کمپلیکس کے بغل میں ایک عمارت کا محاصر کیا گیا جہاں جنگجوئوں کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا جارہا تھا۔تاہم تلاشی کارروائی کے بعد یہاں کچھ نہیں ملا۔حملے کے فوراً بعد سیکورٹی اہلکاروں نے بٹہ مالو، کرن نگر، شہید گنج، جہانگیر چوک اور دیگر کئی علاقوں میں ناکے لگائے جس دوران چھوٹی بڑی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ اس دوران راہ گیروں کی بھی تلاشی لینے کے علاوہ اُن کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے۔ سی آر پی ایف کے ترجمان کا کہناہے کہ حملے میں 3اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔یاد رہے 15جون کو شیریں باغ کرن نگر سرینگر میں ڈینٹل کالج کے نزدیک پولیس وفورسز کے مشترکہ چیک پوسٹ پر فائرنگ میں زخمی ہونے والا ہیڈ کانسٹیبل حبیب اللہ ساکنہ بمئی سوپور بلٹ نمبر2777/S،8 بروز تک صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ بیٹھا تھا ۔اس عرصے کے دوران شہر میں پے درپے گرینیڈ دھماکے بھی ہوئے ،تاہم اُن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا ۔دریں اثناء خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز سروس کے مطابق حزب المجاہدین کے آپریشنل ترجمان برہان الدین نے ایک ٹیلی بیان میںحملے کی زمہ داری لیتے ہو ئے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں سی آر پی ایف کے دو اہلکار ہلاک جبکہ دیگر کئی زخمی ہو ئے ہیں۔ ادھرترال میں فوجی کیمپ پر رائفل گرینیڈ داغا گیا اور فائرنگ کی گئی تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔ قصبہ سے چند کلو میٹر د ور نادر گائوں میں42آر آر کیمپ پررات 9:40پر ایک جنگجوئوں نے رائفل گرینیڈ داغا جو کیمپ کے نزدیک زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا۔اس موقعہ پر فوجی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی۔ ایس ایس پی اونتی پورہ نے بتایا کہ ابتدائی طور معلوم ہوا کہ نادر کے مقام پر قائم فوجی کیمپ پر گرینیڈ داغا گیا جس کے جواب میں فوجی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ تاہم فوری طور پر کسی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔