سرینگر// بٹہ مالوبس اڈے کے منتظمین اور اس کے گرد و نواح میں تجارتی اور کاروباری انجمنوں کے نمائندے ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ملاقی ہوئے ۔ وفود نے کہا کہ اس اڈے کی منتقلی سے ہزاروں کنبوں کا روزگار متاثر ہوگا۔ وفد میں شامل نمائندوں نے کہا کہ بٹہ مالو اڈے کی منتقلی صرف بسوں کی منتقلی اور ٹرانسپورٹروں کا مسئلہ نہیں بلکہ اس اڈے کی منتقلی سے سینکڑوں کاروباری ادارے، دکاندار ، چھاپڑی فروش اور دیگر شعبہ جات سے جڑے لوگ متاثر ہورہے ہیں، جن کا روزگار گذشتہ ایک صدی سے اس اڈے سے جڑا ہوا ہے۔ اس موقعے پر صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے اس اڈے سے متعلق سابق نیشنل کانفرنس حکومت کے منصوبے کی تفاصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت میں اڈے کو ٹٹو گرائونڈ میں رکھنے کیلئے ہی ایک پلان مرتب کیا گیا تھا تاکہ روزگار متاثر نہ ہوپائے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اُن کا مسئلہ اعلیٰ حکام کیساتھ اٹھائیں گے اور ان کے روزگار کو بچانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں گے۔