سرینگر // شہر سرینگر کو جموں وکشمیر کی شان قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے شہری حرکت پذیری، ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ماحولیاتی جانکاری ، پانی کے ذخائیز کا تحفظ اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں شہر کی ترقیاتی منصوبہ بندی کی اہمیت اُجاگر کی ۔ ضلع ترقیاتی بورڈ کی جائیزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے سلسلے میں محبوبہ مفتی جو بورڈ کی چیئرپرسن بھی ہیں، نے بٹہ مالو کے پُرانے بس اڈے میں منی سیکرٹریٹ قائم کرنے کی ہدایت دی اور متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ڈی پی آر تیار کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کے مختلف دفاتر شہر میں بکھرے پڑے ہیں جنہیں ایک ہی چھت کے نیچے لانے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ان تمام دفاتر کو ایک جگہ قائم کرنے کی بدولت شہر کے بہت سے علاقوں میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ڈویثرنل کمشنر کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ شہر کے گلسر، خوشحال سر، براری نمبل جیسے اہم آبی ذخائیر کی حد بندی عمل میں لائیں۔انہوں نے اربن ڈیولپمنٹ سیکرٹری کو ان آبی ذخائیر کی عظمت رفتہ بحال کرنے کو ترجیح دینے کی ہدایت دی جن کی بدولت شہری زندگی کی رونق دوبالا ہوجاتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے جھیل ڈل اور دیگر جھیلوں کی حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فیصلہ لیا ہے کہ وہ ہر دس دن کے بعد ان جھیلوں کی صفائی اور گھاس نکالنے کے عمل کا جائزہ لیں گی۔انہوں نے زینہ کدل، بہوری کدل اور مہاراج گنج جیسے قدیم بازاروں کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو آلسٹینگ ریسوینگ سٹیشن پر جاری کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی جس کی تکمیل کے نتیجہ میں ڈاؤن ٹاؤن سرینگر کے بہت سارے علاقوں کی بجلی کی ضروریات پوری ہوں گی۔انہوں نے غنی میموریل رڈہ پورہ اور گِندُن راج باغ سٹیڈیموں کو بجلی فراہم کرنے کی ہدایت دی تا کہ نوجوان شام کے وقت وہاں کھیل کود کی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔انہوں نے شہر کی سٹریٹ لائٹس کو بلا خلل بجلی فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے موسم سرما کے دوران ٹرانسفارمر بنک قائم کرنے کی ہدایت دی جس کے لئے انہوں نے ارکان قانون سازیہ کو بھی تعاون دینے کی اپیل کی۔ وزیر اعلیٰ نے خانیار میں زیارت دستگیر صاحب ؒ اور خانقاۂ معلی میں حضرت شاہ ہمدان ؒ اور زڈی بل میں امام باڑہ پر جاری تجدید کاری اور جاذب نظر بنانے کے کاموں میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے نقلی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ لگانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسروںاور بورڈ کے ممبران کے ساتھ رو برو سیشن میں حصہ لیا جن میں ارکان قانون سازیہ نے مختلف معاملات اُبھارے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سرینگر سمارٹ سٹی کے لئے سپیشل پرپز وہیکل تشکیل دی گئی ہے اور ان پروجیکٹوں کے تحت200 کروڑ روپے کی پہلی قسط کی واگذاری متوقع ہے۔اس کے علاوہ رام باغ فلائی اؤر، ٹی آر سی گریڈ سیپریٹر وغیرہ پروجیکٹ تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں اور45 ایم ایل ڈی ٹنگنار واٹر سپلائی سکیم، بمنہ کالج اور کلسٹر یونیورسٹی بلڈنگ،18 چھوٹے اور درمیانے پُلوں کا افتتاح مستقبل قریب میں کیا جائے گا۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ شہر میں10کمیونٹی ہال اور5 باسکٹ بال کورٹ تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ اس کے علاوہ6200 نئی سٹریٹ لائٹس اور شہر کے مختلف علاقوں میں15 فوارے قائم کئے جارہے ہیں۔وزیر تعلیم سید الطاف بخاری، وزیر مملکت آسیہ نقاش، خورشید عالم، علی محمد ساگر، مبارک گُل، شمیم فردوس، محمد اشرف میر، عابد انصاری، نور محمد شیخ، اشفاق جبار، انجم فاضلی میٹنگ میں موجود تھے۔