وی ڈی جی ممبر زخمی،تلاشی کارروائی میں امریکی ساخت کی ایم 4رائفل بر آمد
سمت بھارگو+عشرت بٹ
جموں+پونچھ// جموں و کشمیر کے بٹوت ڈوڈہ ضلع میں بدھ کو جاری مسلح تصادم میں ایک فوجی کیپٹن اور ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوگئے۔ اس واقعہ میں ایک شہری بھی زخمی ہوا۔فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر پوسٹ کیا، “جاری آپریشن میں ایک ملی ٹینٹ کو بے اثر کر دیا گیا ہے۔ایم 4 رائفل کے علاوہ ایک اے کے 47 بھی برآمد ہوئی ہے۔فوج نے کہا، “فائرنگ کا وقفے وقفے سے تبادلہ اور آپریشن جاری ہے۔”اس سے پہلے، فوج نے کہا کہ وائٹ نائٹ کارپس کے تمام رینک کیپٹن دیپک سنگھ کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔صبح کے وقت، 48آر آر اور پولیس نے بٹوٹ ڈوڈہ شاہراہ پر عسر کے گھنے جنگلات میں آپریشن کا دوبارہ آغاز کیا جس کے دوران طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس میں کیپٹن اور ایک شہری زخمی ہوئے۔کیپٹن دیپک سنگھ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا جبکہ شہری پائر سنگھ زیر علاج ہے۔یہاں منگل کی دوپہر ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بعد آپریشن کیا گیا تھا، جس کے دوران ابتدائی لمحات میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔تاہم گھنے جنگلات، خراب موسم اور مشکل علاقہ ہونے کی بدولت رات بھر آپریشن معطل رکھا گیا۔بدھ کی صبح آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا جو دن بھر جاری رہا۔سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے ساتھ جاری لڑائی کے مقام سے ایک M4 رائفل اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا۔ پولیس نے کہا کہ ایک ملی ٹینٹ کی لاش بھی بر آمد کی گئی۔وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر پوسٹ کیا، “مخصوص انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر، پٹنی ٹاپ کے قریب عسرجنگل میں ہندوستانی فوج اور جموں و کشمیر پولیس کا ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔”ڈوڈہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جاوید اقبال نے کہا کہ آپریشن جاری ہے۔
بارودی دھماکہ
بدھ کو ضلع پونچھ کے ساوجیاں سیکٹرمیں بارودی سرنگ دھماکے میں ایک فوجی اور دو آرمی پوٹر زخمی ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ ساوجیاں سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ ٹیکری پوسٹ کے قریب بعد دوپہر تقریباً اڈھائی بجے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پھٹ گئی جس کی زد میں آکر ایک فوجی اہلکار اور دو پورٹر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کی شناخت حوالدار اندرجیت سنگھ، شکیل حسین (پورٹر) اور نیرج چودھری (پورٹر) کے طور پر ہوئی ہے جنہیں فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔