جموں//وزیر برائے زراعت غلام نبی لون ہانجورہ نے ایوان کو مطلع کیا کہ بٹوت میں 2.58 کروڑ روپے کی لاگت سے میوہ منڈی قایم کی جا رہی ہے تا کہ علاقے کے میوہ اگانے والوں کیلئے مارکیٹنگ سہولیات دستیاب رکھی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ پر مارچ 2017 کے آخیر تک 2.54 کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ 26.52 لاکھ روپے رواں مالی سال 2017-18 کے دوران صرف کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میوہ منڈی میں لیبارٹری بلاک ، انتظامی بلاک ، میوہ کی نیلامی جگہ تعمیر کرنے کے علاوہ احاطے کی دیوار بندی اور میوہ منڈی تک پہنچنے کیلئے سڑک تعمیر کی جا رہی ہے ۔ وزیر نے اس کا اظہار آج ایوان میں قانون ساز نیلم کمار لنگہیہ کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا ۔ مزید تفصیلات پیش کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ رام بن حلقہ انتخاب میں انار دانا کی مجموعی پیداوار 1134.121 میٹرک ٹن ہے جبکہ ضلع کی کُل پیداوار 1216.781 میٹرک ٹن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے وعدے کے مطابق رام بن ضلع میں انار دانا دیہات کو ترقی دینے کیلئے 2.88 کروڑ روپے کا مفصل پروجیکٹ رپورٹ مرتب کیا گیا ہے جو حکومت کے زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ 2018-19 میں پروجیکٹ کی عمل آوری کیلئے بطور ٹوکن 50 لاکھ روپے مختص رکھے گئے ہیں ۔ہانجورہ نے کہا کہ سال 2016-17کے دوران رام بن ضلع کے کسانوں کو زرعی آلات بشمول واٹر لفٹنگ پمپ اور پاور کلر فراہم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2017-18 کے دوران رام بن حلقہ انتخاب کے کسانوں کو زرعی آلات بشمول دستی سپرئیر اور پانی کی پائیپیں بھی دستیاب رکھی گئی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ڈوڈہ میں پڑنے والے رام بن حلقہ انتخاب کے علاقوں میں کسانوں کو زرعی آلات گرین سٹوریج بنز، گارڈن ہاو ، ہل ، کدال ، پاور کلر وغیرہ کسانوں کو فراہم کئے گئے ۔ دریں اثنا وزیر نے کہا کہ حکومت کے پاس اسر اور بٹوت میں سبزی منڈی قایم کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ تا ہم ان علاقوں میں اپنی منڈیاں قایم کر کے کسانوں کو مارکیٹنگ سہولیت بہم رکھی جا رہی ہے ۔