لمبی سفید داڑھی ،سر پر گول سفید ٹوپی،جسم پر سبز رنگ کا خان سوٹ ، اْس کے ذہن پر چھائے ہوئے خوف میں بتدریج اضافے کا سسب بن رہے تھے ،وہ اپنے خزاں رسیدہ لبوّں پر مصنوعی مْسکراہٹ بکھیر کر بیگم ارو دو جوان بیٹیوں کو اس خوف کا احساس نہیں ہونے دیتا تھا لیکن اندر سے وہ ہمت ہار چْکا تھا اور کسی انجانے خطرے کا سامنا کرنے کے لئے خود کو تیار کر رہا تھا __،، وہ بیگم کو کھا جانے والی نظروں سے دیکھ رہا تھا ،اور اْس گھڑی کو کوس رہا تھا جب وہ گھر سے اس منحوس سفر کے لئے نکلے تھے __ یہ بھی بیگم کی ہی ضد تھی کہ پھوپھی کو اکلوتے بھتیجے کی شادی میں نہ دیکھ کر لوگ طرح طرح کے طعنے دے کر بھائی جان کی ناک میں دم کر دیں گے __بڑی بہن ہونے کے ناطے ان کے تئیں میری بھی تو کچھ ذمہ داریاں بنتی ہیں ، میں انھیں کیسے فراموش کر دوں ۔ طویل تقریر سْننے کے بعد حاجی صاحب نے مرتا کیا نہ کرتا کے مصداق بیگم کے آگے سرینڈر کردیا ،،حالانکہ شادی کی تقریب کو ابھی پورا ایک ہفتہ باقی تھا ، لیکن بیگم صاحبہ کو سب سے پہلے پہنچ کر یہ باور کرانا تھا کہ اس شادی کی سب سے ذیادہ خوشی اسی کو ہوئی ہے جبھی تو وہ اتنے دور سے آ پہنچی____،،
گْزشتہ کئی روز سے شہر کی فِضا میں بدامنی کی بوْ محسوس ہو رہی تھی جو کسی ان دیکھے فرقہ وارانہ طوفان کا پیش خیمہ تھا __ یہ جانتے ہوئے بھی بیگم نے حاجی صاحب کو اس سفر کے لئے مجبور کیا ،،،، انہوں نے بس میں بیٹھے ہوئے تمام سواروں پر ایک طائرانہ نظر ڈالی تو ان کے ماتھے پر پسینے کی چند ٹھنڈی بوندیں پھوٹ پڑیں __ پوری بس میں فقط وہی چار لوگ مسلمان تھے __ یونہی کوئی شخص ان کی طرف دھیان لگا کر دیکھتا تو وہ سہم جاتے ___،،
یہ مذہبی فسادات ایک شہر سے دوسرے شہر میں پھیل کر اس قدر زور پکڑ لیں گے ، کسی کو اس کا اندازہ بھی نہیں تھا __شہر میں جگہ جگہ رْکاوٹیں _______ چھوٹی بڑی سڑکوں پر جلتے ہوئے ٹائروں کا دْھواں _______ سنگ بازی ________ توڑ پھوڑ _________ اور آتش زدگی سے سارا شہر خوف کی چادر میں لپٹا کراہ رہا تھا ______ ،،، کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اس لئے انتظامیہ نے دوسرے شہر سے آنے والی تمام گاڑیوں کو شہر سے بیس کلو میٹر پہلے ہی روک دیا تھا جہاں سیکورٹی کا زبردست بندوبست کیا گیا تھا اور پولیس کی گاڑیاں گشت کر رہی تھیں __،،
کہاں کی تیاری ہے بڑے میاں ؟ حاجی صاحب کے کانوں سے یہ جْملہ ٹکراتے ہی وہ گھبرا گئے ، انہوں نے گردن گْھما کر دیکھا تو ماتھے پر لمبا تلک سجائے ایک شخص ان سے مخاطب تھا ___ ،،
ایک شادی میں! کہتے ہوئے حاجی صاحب نے اپنا مْنہ کھڑکی کی طرف پھیر لیا ،،آپ کو جب معلوم تھا کہ شہر میں حالات ٹھیک نہیں ہیں تو عیال کو ساتھ لانے کی کیا ضرورت تھی ،، حاجی صاحب نے بیگم کو غْصے میں کہنی مار کر اپنی غلطی کا احساس کراتے ہوئے جواب دیا ___،،جناب ہماری بیگم صاحبہ کے اکلوتے بھتیجے کی خانہ آبادی ہے _ اسی لئے مجبوراً گھر سے نکلنا پڑا ____،،،دریں اثنا کہیں سے گولی چلنے کی آواز فِضا میں گونجی تو حاجی صاحب نے کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے کھڑکی کا شیشہ بند کردیا اور دل ہی دل میں سوچنے لگے __ غیر علاقہ ____ غیر لوگ _______ اجنبی ماحول_____ پناہ مانگیں بھی تو کس سے ؟
کہتے ہیں فسادیوں نے شہر میں کچھ لوگوں کو زندہ جلادیا ہے ،،بس میں بیٹھے ایک مْسافر نے سوشل میڈیا پر آئی اس بْری خبر کو زبان پر لایا تو حاجی صاحب کو وہ دن یاد آگیا __،، جب اْس کے شہر میں دیکھتے ہی دیکھتے فساد پھوٹ پڑا تھا اسی دوران وہ اپنی کار میں کہیں سے آرہے تھے کہ ایک چوک میں لڑکوں کے ایک ہجوم نے گاڑیوں کی توڑ پھوڑ شروع کر دی تھی __ ان کی کار کے آگے بھی کچھ گاڑیاں کھڑی تھیں اور ہجوم ان سے پوچھ تاچھ کر کے آگے جانے کی اجازت دے رہا تھا __ وہ بھی اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے کہ اتنے میں لڑکوں نے اگلی کار والے سے بحث شروع کر دی __حاجی صاحب شور و غوغا سْن کر کار سے نیچے اْترے ، انہوں نے تھوڑا جْھک کر دیکھا ، کار میں ایک غیر مسلم جوڑا اور ان کے دو پھول جیسے معصوم بچیّ کسی مظلوم ہرنی کی مانند سہمے ہوئے تھے __،،ان کے چہرے اشکوں سے پوری طرح بھیگ چْکے تھے _ عورت لڑکوں کو واسطے دے رہی تھی لیکن لڑکے اس کے شوہر کو گریبان سے پکڑ کر گاڑی سے باہر نکالنے کی کوشش کررہے تھے ، دراصل لڑکوں نے کار پر چسپاں مخصوص مذہب کا اسٹیکر دیکھ لیا تھا اسی لئے وہ ذیادہ بھڑک اْٹھے تھے ________،،،یہ منظر دیکھ کر حاجی صاحب سے برداشت نہ ہوا تو انہوں نے مداخلت کرتے ہوئے کہا ،،ارے ارے کیا کر رہے ہو بیٹا ؟چھوڑ دو ان کا گریبان ، جانے دو ان پردیسیوں کو ،کسی شریف انسان کو اس طرح بیچ سڑک میں پریشان کرنا اچھی بات نہیں ___،، ارے چچا! آپ نہیں جانتے انھی لوگوں نے ہمارے لیڈر کے لئے نازیبا الفاظ استعمال کر کے ان کی تذلیل کی ہے ___ ہجوم میں سے ایک آواز بلند ہوئی ،،،
ٹھیک ہے بیٹا! لیکن کسی کے قصور کی سزا ان بے گناہوں کو کیوں دی جائے ؟ چچا یہ بھی تو اْنہی کی ذات کے ہیں! ایک لڑکے نے آستین چڑھاتے ہوئے کہا، اور ایک لاٹھی کار پر دے ماری تو کار کے اندر سے ایک دلخراش چیخ بلند ہوئی ____،، دیکھو بیٹا انسان بْرا ہو سکتا ہے ،اْس کی سوچ بْری ہو سکتی ہے لیکن مذہب کبھی بْرا نہیں ہوسکتا __،ذرا سوچو! اس وقت جو کچھ آپ لوگ کر رہے ہو ،،کیا آپ کا مذہب آپ کو یہ سب کرنے کی اجازت دیتا ہے ؟نہیں نا؟کیونکہ انسانیت کا درجہ سب سے بلند ہے ____،،ہم کچھ نہیں جانتے! دوسرے لڑکے نے ہوا میں لاٹھی لہراتے ہوئے کیا ،،،عورت اب بھی ہاتھ جوڑ کر اْن لڑکوں سے زندگی کی بھیک مانگ رہی تھی لیکن لڑکے اْس کی بے بسی دیکھ کر قہقہے لگا رہے تھے اْن کے سر پر اپنے لیڈر کے انتقام کا جنون سوار تھا __ اب تک تو اْس شخص نے نہایت ہی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا تھا لیکن اب پانی سر سے اوپر ہوتا جا رہا تھا __ تنہا ہوتا تو ضرور کچھ کر بیٹھا لیکن بیوی اور بچوں نے اْس کے ہاتھ باند رکھے تھے اور لڑکے اسی کمزوری کا نا جائز فائدہ اْٹھا رہے تھے __ فِضا میں ایک نعرہ گونجنے کے ساتھ ہی ایک لڑکا کار پر پیٹرول چھڑکتے ہوئے بولا ،، نہیں __، آج ہم ان کو زندہ نہیں چھوڑیں گے ،ان کو جلا دیں گے __ اس دوران پیٹرول کے چند قطرے حاجی صاحب کے کپڑوں پر بھی گرے ___ میرے ہاتھوں کی طرف دیکھو ! یہ ظْلم مت کرو ___،، اس سے حالات مزید بگڑ جائیں گے __ حاجی صاحب ہاتھ جوڑتے ہوئے لڑکوں کی منت سماجت کر رہے تھے لیکن لڑکوں نے کار کو گھیر رکھا تھا اور کسی بات میں نہیں آرہے تھے ___،،حاجی صاحب نے اپنی عْمر میں ایک چیونٹی تک نہیں ماری تھی پھر بھلا انسانوں کو زندہ جلتے کیسے دیکھ سکتے تھے ، وہ جھٹ سے کار کے بانٹ پر لیٹ گئے ،،آؤ جلاؤ ___،،لگاؤ اب آگ ،اگر ان بے گناہوں اور بے بسوں کو جلانے سے تمہارا مذہب معتبر ہو جاتا ہے تو جلاؤ دیا سلائی __آؤ ان کے ساتھ ساتھ مجھے بھی جلا ڈالو ___،،حاجی صاحب زور زور سے چِلا رہے تھے ، یہ دیکھ کر لڑکے گھبرا گئے اور ایک دوسرے کو تکنے لگے ،ارے یہ بْڈھا پاگل ہو گیا ہے __یہ نہیں مانے گا __،، دفعہ کرو جانے دو ان کو ___،،،پیراپٹ پر کھڑے ایک لڑکے نے کہا جو شاید ان کا لیڈر تھا ،تو لڑکوں کا ہجوم پیچھے ہٹنے لگا ___،،حاجی صاحب نے اپنے کپڑے جھاڑتے ہوئے اجنبی کو کار آگے بڑھانے کا اشارہ کیا تو کار میں بیٹھی عورت نے دونوں ہاتھ جوڑ کر اْن کا شکریہ ادا کیا اور کار آگے بڑھ گئی______،،،،
بڑے میاں اپنا سامان لے کر نیچے آئیے! سپاہی کی آواز نے اْس کی یادوں کی ڈور کاٹ دی __ حاجی صاحب نے کھڑکی کے شیشے سے باہر دیکھا جہاں ایک پولیس آفیسر سپاہیوں کو کچھ ہدایت دے رہا تھا __ وہ عیال سمیت بس سے اتر کر ایک طرف کھڑے ہو گئے __ کچھ دیر بعد پولیس کے چند سپاہی انہیں جپسی میں بٹھا کر ایک سرکاری گیسٹ ہاوس میں لے گئے __حاجی صاحب نے پولیس اہلکاروں سے دریافت کیا کہ انہیں اس طرح یہاں کیوں لایا گیا تو ایک اہلکار نے بتایا کہ شہر میں حالات زیادہ خراب ہوگئے ہیں نہ جانے بہتر ہونے میں کتنا وقت لگ جائے اسی لئے بڑے صاحب نے کہا ہے کہ تب تک آپ لوگ یہیں رہیں گے کیوں کہ یہ جگہ پوری طرح محفوظ ہے ۔۔
کچھ دیر بعد پولیس کی ایک گاڑی اْن کے لئے کھانا لے کر آئی پھر کھانا کھلاکر وہ واپس لوٹ گئے __اْن کے جانے کے بعد حاجی صاحب بیگم سے مخاطب ہوئے ،،شْکر ہے پولیس والے ہمیں یہاں لے آئے ورنہ بس میں تو ہم خوف سے مر ہی جاتے ۔
سچ مْچ یہ پولیس والے ہی ہیں ؟ بیگم نے سوالیہ انداز میں حاجی صاحب سے دریافت کیا! کیوں ؟حاجی صاحب نے تعجب سے دیکھتے ہوئے پوچھا،میں نے تو پولیس والوں کا یہ روپ پہلی بار دیکھاـ، اتنی خاطر تو کوئی اپنوں کی بھی نہیں کرتا __،،بیگم نے دانتوں میں خلال کرتے ہوئے کہا،، اری خْدا کی بندی! جس طرح ہاتھ کی پانچ اْنگلیاں ایک جیسی نہیں ہوتیں ،اسی طرح سب پولیس والے بھی ایک جیسے نہیں ہوتے ___،،آخر یہ بھی تو انسان ہی ہیں ،، یہ تو تمہاری فطرت ہے کہ تم سب کو شک کی نظروں سے دیکھتی ہو __بس میں تو تمہارا دم گھْٹ رہا تھا __غذا کے چند نِوالے حلق میں کیا اْترے تو باتیں نکلنے لگیں __ یہ بھی تو سوچ کہ انہی کی بدولت ہمارے سروں سے خطرے اور خوف کے بادل چھٹ گئے ___،،،چلو سوجاؤ !حاجی صاحب نے بیڈ پر دراز ہوتے ہوئے کہا ،،بیگم نے جونہی کمرے کی بتی بْجھانے کے لئے ہاتھ بڑھایا تو گیسٹ ہاوس کے باہر گاڑی رْکنے کی آواز آئی تو سب کے کان قدموں کی آہٹ پر لگ گئے ،،، دستک سْن کر حاجی صاحب بستر سے اْٹھے ،، دروازہ کھولا تو سامنے ایک دراز قد شخص وردی میں ملبوس کھڑا آداب بجا لا رہا تھا ،حاجی صاحب نے اْس کے سراپا کا بغور جائزہ لینے کے بعد کہا،، جی فرمائیے ؟
میں ڈی ایس پی وشال ! آپ نے پہچانا نہیں _____؟ حاجی صاحب نے اپنی موٹے شیشے والی عینک درست کرتے ہوئے پوچھا،،کون وشال ؟ شریمان! وہی وشال جس کے عیال کی جان ایک دن آپ نے اپنی جان کی پر واہ نہ کرتے ہوئے فسادیوں سے بچائی تھی ،،
کیا تم ؟ ؟؟؟
جی میں ! اور یہ ہے میری وائف اور بچیّ.!
فرطِ جذبات سے حاجی صاحب کی آنکھیں آبدیدہ ہوگئیں اور انھوں نے آگے بڑھ کر وشال کو سینے سے لگالیا _______،،،،،،
نٹی پورہ سرینگر
موبائل :-9622937142