عظمیٰ نیوزسروس
بارہمولہ//ڈپٹی کمشنر بارہمولہ، منگا شیرپا نے بونیار بردیاں میں بلاک دیوس کی صدارت کی جس کا مقصد عوامی رسائی کو مضبوط بنانا اور نچلی سطح پر شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانا تھا۔پروگرام کے دوران، ڈی سی نے مختلف محکموں کی جانب سے اپنی سکیموں اور خدمات کی نمائش کرنے والے سٹالز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر، ڈی سی نے مختلف سرکاری اسکیموں سے مستفید ہونے والوں میں منظوری کے خطوط، سرٹیفکیٹس اور بیج تقسیم کیے، ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پائیدار معاش اور ترقی کے لیے فوائد حاصل کریں۔اس تقریب میں بونیار اور ملحقہ علاقوں کے مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پرجوش شرکت کی۔ انہوں نے کئی ترقیاتی مسائل اور عوامی اہمیت کے مطالبات اٹھائے۔مقامی لوگوں کی طرف سے پیش کردہ شکایات میں بنیادی طور پر حلقہ مدنان کے لیے کمیونٹی بنکروں کی مانگ، بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز اور تاروں کی مرمت اور تبدیلی، بنالی-گلمرگ روڈ کی تکمیل، سکول کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن اور تعلیمی اداروں میں عملے کی کمی کو دور کرنا شامل تھا۔ ترکانجن کے لوگوں نے مقامی ہسپتال میں طبی عملے اور مشینری کی کمی کو اجاگر کرتے ہوئے، صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے فوری مداخلت کی درخواست کی۔ مقامی لوگوں نے علاقے میں اے ٹی ایم مشین لگانے کا بھی مطالبہ کیا جس پر موقع پر موجود ڈی سی نے لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر کو فوری ازالے کی ہدایت کی۔عوامی مسائل کا جواب دیتے ہوئے ڈی سی بارہمولہ نے صبر سے سماعت کی اور یقین دلایا کہ تمام حقیقی مطالبات کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حساس علاقوں میں رہائشیوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ دیہاتوں کے لیے نو کمیونٹی بنکرز پہلے ہی منظور کیے جا چکے ہیں۔