سکارپیو گاڑی ضبط ، ڈرائیور گرفتار،بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد
بارہمولہ//بارہمو لہ کے کرالہار خواجہ باغ علاقے میں جمعہ کو فائرنگ کے مختصر تبادلے میں 2جنگجو جاں بحق ہوئے جبکہ بونیار اوڑی میں حد متارکہ پر 3جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔کرالہار جھڑپ کے بارے میں ایس ایس پی بارہمولہ امتیاز حسین نے پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ فورسز نے جمعہ کو تقریباً دوبجے کے قریب اُس وقت ایک بڑے جنگجویانہ حملے کو ٹال دیا جب سرینگر سے بارہمولہ کی طرف ایک سکارپیو گاڑی زیر نمبر JK01L-5792 کو سرینگر مظفر آباد شاہراہ پر واقع کرالہار خواجہ باٖغ ریلوے کراسنگ کے نزدیک پہلے سے ہی تعینات ناکہ پر بیٹھے پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا ۔ایس ایس پی نے کہا’’گاڑی میں سوار دو جنگجوئوں نے فورسز پر اندھادھند فائرنگ کی ،جس کے جواب میں فورسز نے بھی کارروائی کی ،اور دو جنگجو مارے گئے جبکہ پولیس کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ‘‘ ۔انہوں نے بتایا کہ مارے گئے جنگجوئوں کا تعلق جیش محمد سے تھا، جن کی شناخت فیضان اور وہاب ساکنان پاکستان کے طور پرہوئی ہے ۔ ایس ایس کے مطابق مارے گئے جنگجوئوں کے قبضے سے ایک اے کے رائفل ،ایک میگزین ،ایک یو بی جی ایل ، چینی ساخت کے دوپستول، میگزین 6 عدد ،اے کے روانڈس 19،پستول روانڈس 52 ،گرینیڈ 3 ،یو بی جی گرینیڈ 2بر آمد کئے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس تھانہ میں اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 176/2018 درج کیا گیا ہے جبکہ گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا اور گاڑی ضبطکی گئی ہے ۔ دونوں جنگجوئوں کی نعشوں کوڈسٹرکٹ پولیس لائنزبارہمولہ منتقل کیاگیا۔ادھر مقامی لوگوں نے بتایاکہ ریلوے کراسنگ پراچانک گولی باری شروع ہونے کے بعدیہاں سے گزرنے والی گاڑیوں میں سوارمسافروں اورکچھ راہگیروں میں افراتفری مچ گئی جبکہ ڈرائیوروں نے ہوش میں رہ کر نجی اورمسافرگاڑیوں کوجائے واردات سے دورپہنچادیا۔اس اہم شاہراہ پردونوں اطراف سے گاڑیوں کی آمدورفت بندہوگئی ،اورنزدیکی کرالہ ہاربازارمیں بھی دہشت پھیل گئی ،اوریہاں دکاندار فوری شٹرگراکرمحفوظ مقامات کی جانب چلے گئے ۔ادھرفوج نے ضلع بارہمولہ کے بونیار کے تورنا رام پور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعرات کوہوئی دراندازی کی کوشش میں 3جنگجوئوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔فوج کے ترجمان راجیش کالیانے بتایا کہ جمعرات کی صبح لائن آف کنٹرول کی دوسری طرف سے دراندازی کے ایک گروپ نے اس پار داخل ہونے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ سرحد پرتعینات فوج کے 5 گرینیڈرس سے وابستہ اہلکاروں نے جونہی مشتبہ افراد کی نقل و حرکت بھانپ لی ،تو انہوں نے انہیں سرنڈر کرنے کی پیش کش کی ،جسے جنگجوئوں نے ٹھکراتے ہوئے فوجی پارٹی پر خودکار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فوج نے بھی اس موقعے پر دراندازوں کی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا جس کے نتیجے میں علاقہ گولیوں کی گن گرج سے دہل اُٹھا۔ انہوں نے بتایا کہ فوج کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں ٹورنا بونیار سیکٹر میں 3جنگجوئوں کو ہلاک کیاگیا۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مارے گئے تینوں جنگجو کی لاشیں برآمد کی گئیں ہیں اور اُن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ وبارود بھی برآمد کیا گیا ہے ۔