عاصف بٹ
کشتواڑ// ایتوار و سوموار کی درمیانی رات ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ بونجواہ کے بنون میں آگ کی ہولناک واردات میں دومنزلہ رہائشی مکان اور دوکان جل کر خاکستر ہوئے جن میں لاکھوں روپے کی املاک تباہ ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق رات تقریباً 1بجے محمد شفیع خان کے مکان سے اچانک آگ نمودارہوئی جس سے رہائشی مکان مکمل طور خاکستر ہوا وہیں اسی مکان کے احاطے میں امتیاز حسن کا کریانہ جنرل سٹور موجود تھاجو آگ کی لپیٹ میں آگیا اور جل کر خاکستر ہوگیا ۔ اگرچہ مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کیلئے کڑی مشقت کی لیکن سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب آگ نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ تیس ہزار سے زائد اس علاقے میں فائر سروس عملے کا نہ ہونا عوام کیلئے ستم ظریفی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ انہوںنے متعدد مرتبہ تحصیل ہیڈکوارٹر پرایک فایر سروس گاڑی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا لیکن آجتک اس پر عمل درآمد نہ ہوسکا جسکا خمیازہ عوام کو بھگتناپڑرہاہے۔عوام نے بتایا کہ اس سے قبل بھی علاقے میں آگ کی واردات نے مسجد و متعدد مکانات کو نقصان پہنچایا لیکن اسکے باوجود آج تک عوامی مطالبے کو پورانہ کیا گیا۔عوام نے متاثرین کو فوری طور معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور علاقے میں جلدازجلد فائر سروس گاڑی فراہم کرنے کی اپیل کی۔