یو این آئی
ممبئی/نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے بقیہ میچوں میں اپنی ٹیم ممبئی انڈینس کے لیے کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 36 سالہ بولٹ کو ممبئی انڈینز نے میگا نیلامی میں 12.5 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ اس بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے آئی پی ایل کے اس سیزن میں 8.49 کے اکانومی ریٹ سے 18 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کی بہترین کارکردگی سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف 26 رن پر چار وکٹ رہی ہے ۔ وہ پورے ٹورنامنٹ میں مشترکہ چوتھے نمبر پر ہیں۔پانچ بار کی چیمپئن ممبئی اب بھی اپنے تین اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کا انتظار کر رہی ہے ۔ جنوبی افریقہ کے ریان رکلیٹن اور کوربن بوش اور انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس کی شرکت پر ابھی تک غیر یقینی صورتحال برقرار ہے ۔ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے مطابق ان کے کھلاڑیوں کا این او سی 25 مئی تک درست ہے ۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آئی پی ایل میں شرکت کرنے والے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 29 مئی سے شروع ہونے والی ہوم ون ڈے سیریز کے لیے مقررہ وقت پر واپس آنے کی ہدایت کی ہے ۔