فیاض بخاری
بارہمولہ// قدرتی حسن سے مالا مال بارہمولہ کا بوسیاںحاجی بل علاقہ اپنی خوبصورتی کے با عث ایک منفرد مقام رکھتا ہے لیکن سرکار کی نظروں سے اوجھل ہے ۔یہ علاقہ قدرتی خوبصورتی میںکسی سیاحتی مقام سے کم نہیں ہے بلکہ جو بھی سیاح یہاں آتا ہے تو اُسے واپس جانے کا دل ہی نہیں کرتا ہے ۔ قصبہ بارہمولہ سے قاضی ناگ تک بے حد خوبصورت مقامات پائے جاتے ہیں جن میں حاجی بل ، بوسیاں،گبوار اور وجی شامل ہیںلیکن وادی کے اکثر لوگ ان قدرتی اور روح افزا مقامات سے نا واقف ہیں ۔علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ان مقامات کو اگر سیاحتی درجہ دیا جاتا ہے تو یہ نہ صرف وادی کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ مقامی نوجوانوں کو روز گار بھی فراہم کرسکتے ہیں ۔ بوسیاں قصبہ بارہمولہ سے صرف 15 کلو میٹر اور حاجی بل سے 3کلو میٹر کی دور ی پر واقع ہے ۔ حاجی بل کو بوسیاں سے ملانے کیلئے صرف دو کلو میٹر سڑک رابطے کی ضرورت ہے ۔ بوسیاںمیں ایک بہت بڑا آلو فارم واقع ہے جو بیماریوں سے پاک بیج پیدا کرنے کیلئے مشہور ہے ۔ یہ آلو فارم 1200 کنال اراضی پر مشتمل ہے ۔یہ وادی کا منفرد آلو فارم ہے جو اونچائی پر واقع ہے ۔ بوسیاں کے آگے گبوار علاقہ ہے جو بڑے بڑے چراگاہوں پر مشتمل ہے جواپنی قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے لووں کو اپنی جانب مائل کرتا ہے ۔گبوار کے بعد وجی الپائن چراگاہیںہیں جو انتہائی دلفریب ہے اور یہاں جولائی اور اگست میں بھی پگھلتی ہوئی برف کا مزہ لے سکتے ہیں ۔قاضی نا گ مار خوروں کی وجہ سے جانا جاتا ہے جو بہت ہی مشہور اور نایاب جانور ہیں ۔ یہ بات قبل ذکر ہے کہ حال ہی میں سرکار نے بوسیاں حاجی بل کو ایکو ٹورازم کے زمرے میں لایا تھا تاہم بدقسمتی سے ابھی تک اس پر کوئی بھی کام شروع نہیں کیا گیا ۔